معاشرے کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو ان طبقات کو تحفط اور قانونی مدد فراہم کریں،

این سی ایچ آرجیسے ادارے معاشرے کے اطمینان اور استحکام کے لیے ضروری ہیں صدر مملکت کی نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 21 جولائی 2017 15:21

معاشرے کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے  ایسے اداروں کی ضرورت ہے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جولائی2017ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ معاشرے کی بہتری اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو ان طبقات کو تحفط اور قانونی مدد فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق(این سی ایچ آر)جیسے ادارے معاشرے کے اطمینان اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر این سی ایچ آر سندھ کے ممبر انیس ہارون بھی ملاقات میں موجود تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے عقائد اور ملکی آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔انھوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورت حال دنیا کے بیشتر ممالک سے بہتر ہے لیکن اس کی مزید بہتری کی لیے کوششیں جاری رہنی چاہییں ۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ گھریلو تشد د کے واقعات کے سد باب اور اس سلسلے میں قانون سازی کی بہت ضرورت ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ گھریلو تشدد کے واقعات کو کریمنل کیس کے طور پراندراج کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے عوام کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی مہیا کرے۔ نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ علی نواز چوہان نے صدر مملکت کو ادارے میں کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔