لواری ٹنل کی تکمیل چترال اور دیربالا کے عوام کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے،

ٹنل کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا وزیر اعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام کا انٹرویو

جمعہ 21 جولائی 2017 14:56

لواری ٹنل کی تکمیل چترال اور دیربالا کے عوام کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء) وزیر اعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ لواری ٹنل کی تکمیل چترال اور دیربالا کے عوام کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے، اس ٹنل کی تکمیل سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ جمعہ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے لواری ٹنل کے منصوبے کو پائہ تکمیل تک پہنچانے میں خصوصی دلچسپی لی، ماضی میں موسم سرما میں لواری ٹاپ پر برف باری کی وجہ سے سال کے چار اور پانچ مہینوں تک چترال کا ملک کے دیگر حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہو جاتا تھا جسکی وجہ سے علاقے کے عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا، ان چار پانچ مہینوں میں چترال کے لوگ اپنے گھروں کو پہنچنے کیلئے افغانستان کے راستے پرخطر سفر اختیار کرنے پر مجبور ہو جاتے تاہم ٹنل کی تکمیل سے اب چترال کے عوام سال بھر ملک کے دیگرعلاقوں سے رابطے استوار کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت ان علاقوں کو بھی متبادل روٹ کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے لواری ٹنل کے منصوبے کو مکمل کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسکی وجہ سے علاقے اور ملک کی ترقی کا یہ اہم منصوبہ پائہ تکمیل تک پہنچایا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی ترقی اور خوشحالی ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی اور انشاء اللہ 2018ء کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں کامیاب ہوگی۔