وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس; چوہدری نثار علی خان پھر غائب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 21 جولائی 2017 14:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جولائی 2017ء) : وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں وزیر اعظم کے قریبی رفقا اور ان کی قانونی ٹیم موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے آج کے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان شریک نہیں ہیں۔ اجلاس میں پانامہ کیس کی سماعت مکمل ہونے اور پانامہ کیس پر سپریم کورٹ کے ممکنہ فیصلے سے متعلق قانونی ٹیم وزیر اعظم نواز شریف کو بریف کرے گی ۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق اجلاس شروع ہونے سے قبل چوہدری نثار علی خان نے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی کی ۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اس وقت پنجاب ہاؤس میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد خواجہ سعد رفیق نے چوہدری نثار علی خان سے ان کی طبیعت سے متعلق دریافت کیا۔ جس پر چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ وہ پہلے سے بہتر ہیں لیکن ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق ابھی آرام کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے مابین اختلافات کی خبریں منظر عام پر آ رہی تھیں۔ یہ خبریں بھی آئیں کہ دونوں کے مابین اختلافات اس حد تک بڑھ چکے ہیں کہ چوہدری نثار علی خان نے خود کو پارٹی معاملات سے علیحدہ کر لیا ہے۔ جس کا واضح ثبوت پارٹی اجلاسوں میں شرکت نہ کرنا ہے۔