احتساب کے نام پر ہمیشہ سیاستدانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ،

ملک میں احتساب کا دوہر امعیار جاری ہے ، نواز شریف نے تصدیق اور ثابت شدہ دستاویزات جمع کرائی ہیں ، نوا ز شریف نے تمام عدالتوں کے سامنے پیش ہوکر مثال قائم کی ہے ، جمہوریت جب بھی مضبوط ہونے لگتی ہے اس کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں دانیال عزیز اور مائزہ حمید کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت

جمعہ 21 جولائی 2017 12:47

احتساب کے نام پر ہمیشہ سیاستدانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جولائی2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر ہمیشہ سیاستدانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ، ملک میں احتساب کا دوہر امعیار جاری ہے ، نواز شریف نے تصدیق اور ثابت شدہ دستاویزات جمع کرائی ہیں ، نوا ز شریف نے تمام عدالتوں کے سامنے پیش ہوکر مثال قائم کی ہے ، جمہوریت جب بھی مضبوط ہونے لگتی ہے اس کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔

جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ ملک میں احتساب کا دوہرا معیار جاری ہے۔ سندھ میں مقدمات اور گرفتاریاں ہونے کے باوجود آج تک کچھ نہیں ہوا۔ خیبر پختونخوا میں احتساب کا نعرہ لگانے والوں نے احتساب کمیشن کو ہی بند کر دیاہے۔ ماضی میں سیاسی مخالفین پر مقدمات بنائے گئے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ میں جماعت اسلامی کی ابتدائی پٹییشن میں 450 افراد کے نام تھے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کے حوالے سے پی ٹی آئی کی پٹیشن میں صرف فرد واحد کو فریق بنایا گیا ہے۔ جمہوریت جب مضبوط ہونے لگتی ہے تو اس کو پیچھے دھکیل دیا جاتا ہے۔ ماضی میں بھی سازشوں کے تحت جمہوریت کو کمزور رکھا گیا۔ ملک میں ہمیشہ احتساب کے نام پر سیاستدانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ احتساب کے نام پر ایسے لوگوں کے خلاف مہم شروع کی گئی جن کا نام ہی نہیں تھا۔

دانیال عزیز نے کہا کہ پانامہ کے نام پر پرانی دستاویزات کو نیا بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ اداروں کو پیچھے دھکیل کر مختلف جماعتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میڈیا کے ذریعے عوام کے ذہنو ں میں مخصوص نظریات پھیلائے جا رہے ہیں۔ جے آئی ٹی تحقیقات کے دوران دہشت گردی سے متعلق خط بھی شامل کئے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف نے تمام عدالتوں کے سامنے پیش ہو کر مثال قائم کی ہے۔

نواز شریف نے عدلیہ کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ برطانوی راج سے وراثت میں ملنے والی انتظامیہ نے 70 سال بعد ملک چلایا۔ اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کی رہنما مائزہ حمید نے کہاکہ نواز شریف نے تصدیق اور ثابت شدہ کاغذات جمع کرائے ہیں۔ عمران خان نے ابھی تو بنی گالہ کا حساب دینا ہے وہ کس منہ سے احتساب کی باتیں کرتے ہیں۔ مشرف کی جماعت 10 سال ملک لوٹنے کے بعد کس منہ سے احتساب کی بات کرتی ہے۔