وزیراعظم کے پاس اقتدار میں رہنے کا جوازنہیں رہا-اپوزیشن جماعتیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 21 جولائی 2017 11:52

وزیراعظم کے پاس اقتدار میں رہنے کا جوازنہیں رہا-اپوزیشن جماعتیں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 جولائی۔2017ء) پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پاس اقتدار میں رہنے کا جوازنہیں رہا‘ نواز شریف نے اپنی ذات کیلئے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے-سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی راہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنی ذات کیلئے پورے ملک کو یرغمال بنایا ہوا ہے‘وزیراعظم نے گزشتہ روز اپنے احتساب کو استحصال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس احتساب کو نہیں مانتے، نواز شریف کی ان باتوں نے صورت حال کو مزید گھمبیر بنادیا ہے، انہوں نے اپنی ذات کے لیے پورے ملک کویرغمال بنایا ہوا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ملک کا ہر ادارہ مفلوج ہوچکا ہے۔پیپلز پارٹی کی راہنما نے کہا کہ وزیراعظم کو جمہوریت کی خاطر استعفیٰ دے دینا چاہئے، نواز شریف وزیراعظم ہیں، اگر جمہوریت یا ان کی حکومت کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں تو کھل کر بولیں،کون ہے جو کٹھ پتلیاں ہلارہا ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے راہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاناما کیس اختتام کے قریب ہے جب کہ امید ہے عدالت عظمیٰ عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاناما کیس اختتام کے قریب ہے، لگتا ہے آج جرح اوردلائل ختم ہو جائیں گے، ہو سکتا ہے آج ججز فیصلہ بھی سنا دیں جب کہ پاناما کیس فیصلے سے ایک خوشحال، مضبوط اور پرامن پاکستان جنم لے گا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قانون کی نگاہ میں سب برابرہیں، تحریک انصاف کی لڑائی کیسی فرد واحد یا خاندان کے خلاف نہیں ہے بلکہ عمران خان کی قیادت میں ہم نے قانون کی بالادستی کی لڑائی لڑی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نظام کے خلاف لڑ رہی ہے، ہمیں امید ہے عدالت عظمیٰ عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے براہ راست جے آئی ٹی کو نشانہ بنایا جب کہ بات جے آئی ٹی پر کرتے ہیں اور نشانہ ججز کو بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز لواری ٹنل میں جو نواز شریف نے کہا وہ ان کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے، وزیراعظم نے براہ راست جے آئی ٹی کو نشانہ بنایا، جے آئی ٹی پر بات کرتے ہیں اور نشانہ ججز کو بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو کو بھی ان کے وکیلوں نے مروایا تھا اور نواز شریف کے وکیلوں نے بھی اس کیس کا ستیاناس کر دیا ہے، نواز شریف چاہتے ہیں کہ سارا جہان نااہل ہو جائے لیکن یہ اور مریم بچ جائیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ کروڑوں لوگ چاہتے ہیں کہ نواز شریف مستعفی ہو جائیں، یہ نہیں جانتے ان کا نام معاشرے میں کس جگہ پہنچ چکا ہے، جو دولت لوٹی ہوئی ہے وہ بھی ضبط ہوگی اور جائیدادیں بھی جب کہ سپریم کورٹ سے ثبوت بھی نکلے گا اور تابوت بھی۔

متعلقہ عنوان :