گلشن راوی گرڈ سے نئے منشی ہسپتال فیڈر کا آغاز

جمعہ 21 جولائی 2017 01:30

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی(لیسکو)نے اپنے صارفین کی سہولت اور بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کے پیشِ نظر 132Kvگلشن راوی گرڈ سے نئے 11Kvمنشی ہسپتال فیڈر سے بجلی کی ترسیل شروع کر دی ہے ۔لیسکو کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق سسٹم کو درپیش اوور لوڈنگ کی رکاوٹوں کے خاتمے کے لیئے لیسکو نے گلشن راوی گرڈ سے نئے منشی ہسپتال فیڈر سے بجلی کی ترسیل کا آغاز کیا ہے جس کے باعث گلشن راوی گرڈ سے نکلنے والے اوور لوڈڈ 11Kvچوہان روڈ اور بند روڈ فیڈر کو ریلیف حاصل ہو سکے گا۔

ترجمان کے مطابق ا ن دونوں فیڈروں پر کافی ذیادہ لوڈ ریکارڈ کیا جا رہا تھا جو گاہے بگاہے لیسکو اور صارفین کے لیئے مشکلات کا سبب بنتا تھا ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکوسید واجدعلی کاظمی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں تمام لیسکو ریجن میں ایسے فیڈروں پر خصوصی کام کیا جا رہا ہے جو کسی نہ کسی وجہ سے سسٹم میں رکاوٹوں کا سبب بن رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ منشی ہسپتال فیڈر کے بننے سے ان دونوں فیڈروں کا زائد لوڈ نئے فیڈرپر منتقل کیا جا رہا ہے ۔

ترجمان کے مطابق زائد لوڈ تقسیم ہونے سے چوہان روڈ ، اسلام پورہ ، ساندہ روڈ ، بڑا ساندہ ، چھوٹا ساندہ ، ملت پارک ، نیشنل پارک اور بند روڈ سے ملحقہ علاقوں کی اوورلوڈنگ اور لو وولٹیج کی شکایات کا ازالہ ہو سکے گا ۔ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹوسید واجدعلی کاظمی کی سربراہی میں لیسکو کے ترسیلی نظام کے استعداد کار میں اضافہ کے لیئے مختلف اقدامات کیئے جا رہے ہیں تاکہ لیسکو اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر سہولیات دے سکے۔