ملک بھر سے گھر گھر سروے یعنی قومی سماجی اقتصادی اندراج (NSER) کے لئے پائلٹ فیز میں 16اضلاع کا انتخاب

جمعہ 21 جولائی 2017 01:30

کوئٹہ۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2017ء)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صوبائی دفتر سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق ملک بھر سے گھر گھر سروے یعنی قومی سماجی اقتصادی اندراج (NSER) کے لئے پائلٹ فیز میں 16اضلاع کا انتخاب کیا گیا جس میں بلوچستان کے تین اضلاع نصیرآباد، کیچ اور قلعہ سیف اللہ شامل ہیں۔ ضلع نصیرآباد میں نادرا کے تعاون سے اکتوبر 2016ء سے جنوری 2017ء تک "ڈیسک اپروچ غربت سروی" کا عمل مکمل کیا گیا۔

کیچ اور قلعہ سیف اللہ کے اضلاع میں گھر گھر سروے کا عمل آئندہ چند روز میں آسا (ASSA) کے تعاون سے شروع کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ستمبر 2017ء تا مارچ 2018ء قومی سماجی اقتصادی اندراج کے سلسلے میں گھر گھر سروے کرنے کا تہیہ کررکھا ہے جو صرف کمپیوٹرائزڈ بنیاد پر ٹیبلیٹ کی مدد سے درج ہوگا۔

(جاری ہے)

جس کے لئے کسی قسم کا کوئی فارم وغیرہ وضح نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس سروے کے لئے کوئی فیس رکھی گئی ہے۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرف سے بلوچستان میں درج بالا اضلاع کے علاوہ کسی بھی دوسرے ضلع میں کسی قسم کے سروے کا عمل نہیں ہورہا۔ عوام سے التماس ہے کہ وہ جعل ساز عناصر سے ہوشیار رہیں اور اپنے قومی فریضہ کے طور پر ایسے عناصر سے متعلق فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں۔