ملتان ڈویژن بھر کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی بارے لائحہ عمل تیار کیا جائے ، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے ضلع کی خوبصورتی اور صفائی کے پلان کو مانیٹرکریں،کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 20 جولائی 2017 23:50

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی بارے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے ضلع کی خوبصورتی اور صفائی کے پلان کو مانیٹرکریں گے۔ڈویژن کی اہم شاہرائوں کو فوری مرمت کیا جائے اور پودوں کی بجائے سایہ دار درخت لگائے جائیں۔

درخت اگائو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جائے جس سے درجہ حرارت میں بھی بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان نے ڈویژن بھر کی تزئین و آرائش اور صفائی بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ ملتان کے داخلی راستوں پر خوبصورتی کے لئے فوری پلان مرتب کیا جائے۔ پھل دار درختوں کی اُگائی مہم پر بھی توجہ دی جائے تاکہ خطے میں خوبصورتی کے ساتھ معاشی فوائد بھی حاصل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں تمام دوکانوں کے بورڈز برابر سائز کے لگوائے جائیں اور غیر قانونی بل بورڈز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بجلی کی جھولتی تاروں کو فوری درست کروایا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جاسکے۔کالجوں اور یونیورسٹی کے فائن آرٹس کے طالب علموں کو اس مہم کا حصہ بنایا جائے تاکہ شہر کی دیواروں پر خوبصورت نقش و نگار دیکھنے کو ملیں۔

انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع کی خوبصورتی بارے پلان بنا کرفوری عمل در آمد شروع کرائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا کہ بوسن روڈ ایل ایم کیو روڈ اور وہاڑی روڈکو ماڈل روڈ بنایا جائے گا ۔ سڑک پر ہر500میٹر کے بعد کوڑا دان بھی رکھوائے جائیں گے جبکہ مناسب فلڈ لائٹس کا بھی بندوبست کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر خانیوال مظفر سیال نے کہا کہ اعوان چوک سے سٹیشن چوک اور سٹی گیٹ سے ٹی چوک تک کی دونوں سڑکوں کو ماڈل روڈ بنایا جائے گا۔

دونوں سڑکوں پر پیج ورک جلد مکمل کر لیا جائے گاجبکہ ان کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر لودھراں راجہ خرم شہزاد نے کہا کہ ٹھڈا چوک سے لے کر بلال چوک تک کی سڑک کی تزئین و آرائش پر جلد کام شروع کردیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی علی اکبر بھٹی نے کہا کہ وہاڑی سے بورے والا اور وہاڑی سے ملتان سڑک کو ماڈل روڈ بنایا جائے گا جبکہ شہبازشریف رنگ روڈاور قائد اعظم ماڈل پار ک کی تزئین وآرائش کے لئے بھی پلان بنایا جارہا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے رضوان قدیر نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے وقت گرین بیلٹ کی چوڑائی کا خاص خیال رکھا جائے اور 3سے 5فٹ تک کا ایریا گرین بیلٹ کے لئے لازمی چھوڑا جائے تاکہ درخت آسانی سے لگائے جاسکیں ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشد گوپانگ اسسٹنٹ کمشنر جنرل مسعود احمد بخاری ، ایم ڈی واسا رائو قاسم، سی او میونسپل کارپوریشن احمد وٹو اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔

متعلقہ عنوان :