محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیراہتمام یوم آزادی کی تقریبات ماہ اگست میں جاری رہیں گی

چراغاں ، پرچم کشائی ، قومی نغمے، سیمینارز، تصویری نمائش ، مشاعرے ، واک ، لوک رقص اور دیگر رنگارنگ پروگرام منعقد ہوں گے

جمعرات 20 جولائی 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) پاکستان کا 70ویں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کے لئے محکمہ اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب کے زیر اہتمام ماہ اگست میں رنگارنگ تقریبات منعقد کی جائیں گی- یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت مجتبیٰ شجاع الرحمن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی -سیکرٹری اطلاعات جہانگیر انور ، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات محمدشاہد اقبال کے علاوہ محکمہ اطلاعات و ثقافت کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان اور نمائندوں نے اجلاس میںشرکت کی-تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات محمد شاہد اقبال نے بتایا کہ یوم آزادی کے موقع پر محکمہ اطلاعات وثقافت کے تمام ذیلی اداروں کی عمارات پرچراغاں کیا جائے گا- تمام افسران اور ملازمین ماہ آزادی میںپاکستانی پرچم کے بیجز لباس پر نمایاں طور پر آویزاں کریں گی-یوم آزادی کے موقع پر محکمہ اطلاعات و ثقافت کے تمام ذیلی اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی- محمد شاہد اقبال نے بتایا کہ لاہور آرٹ کونسل الحمراء کے زیراہتمام ماہ اگست میں یوم آزادی کی تقریبات کے تسلسل میں مشہور گلوکار قومی نغموں پر مشتمل موسیقی کے پروگراموں میں شرکت کریں گے - پاکستان کی ممتاز شخصیات یوم آزادی کی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینارز میں شرکت کریں گی -انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر ’’پاکستان کے رنگ ‘‘ کے عنوان سے پینٹنگز کی نمائش منعقد ہوگی جبکہ مشہور فنکارآزادی واک میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے - اس کے علاوہ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹس کے طلبا و طالبات کے درمیان آزادی کی تحریک اور جدوجہد کے موضوع پر مصوری کے مقابلے منعقد ہوں گے - انہوں نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کے مرکزی مقامات کی دیواروں پر یوم آزادی اور جدوجہد پاکستان کے حوالے سے تصاویر بنائی جائیں گی نیز صوبہ بھر میں لوک رقص فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جائے گا- ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات نے بتایا کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس (پکار) کے زیر اہتمام وزیراعلی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے موسیقی کے مقابلوں میں ڈویژنل سطح پر جیتنے والوں کے درمیان ملی نغموں کے مقابلے منعقد ہوں گے -تمام ڈویژن آرٹس کونسل میں میں نظریہ پاکستان کے حوالے سے شاعری کی محفلیں منعقد ہوں گی،جدوجہد آزادی پر مشتمل مرکزی خیال کے حوالے سے ڈرامے، آزادی کا سفر کے عنوان سے تصویری نمائش اور لوک رقص فیسٹیول منعقد ہوں گی-اس کے علاوہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج ، آرٹ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام ایف ایم -95 پر جشن آزادی کی خصوصی ٹرانسمشن چلائی جائے گی جس میں ممتاز شخصیات کے انٹرویو، پنجابی قومی گیت اور جشن آزادی مشاعرہ پر مبنی خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گی-اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور میوزیم لاہور کے زیر اہتمام تحریک پاکستان پر مبنی تصویری نمائش ، آزادی کی تحریک کی یادگاروں پر مبنی خصوصی نمائش کے علاوہ مہاجرین سے ملاقات پر مبنی خصوصی پروگرام ترتیب دیئے گئے ہیں-انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلقات عامہ حکومت پنجاب ان تمام تقریبات کی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا میں بھرپور تشہیر کے فرائض سرانجام دے گا-

متعلقہ عنوان :