جماعت اسلامی وفد کی مسلم کانفرنس کے رہنمائوں سے ملاقات

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیری 70 سال سے بھارتی اور استعماری جبر و استبداد کے خلاف برسر پیکار ہیں،بھارت کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی مدد سے باز رکھنے کے لیے پاکستان میں دہشتگردی کر رہاہے ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی وفد سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے علماء کرام اور آزاد جمو ںو کشمیر مسلم کانفرنس کے وفد نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور جزو لاینفک ہے ۔ کشمیری 70 سال سے بھارتی اور استعماری جبر و استبداد کے خلاف برسر پیکار ہیں اور لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔

بھارت کشمیریوں کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی مدد سے باز رکھنے کے لیے پاکستان میں دہشتگردی کر رہاہے ۔ بھارتی قیادت ، عسکری ادارے ، دانشور اور میڈیا بھارتی ناجائز موقف پر متحد ہیں ۔ المیہ یہ ہے کہ ہمارے حکمران ، دانشور اور تجزیہ کار کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کے باوجود پاکستان میں منتشر ہیں ۔

(جاری ہے)

بیس کروڑ عوام کشمیریوں کے پشتیبان ہیں ۔

امریکہ بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تکون کی ہر سازش اور وار کو ناکام کرنے کے لیے عوام متحدہیں ۔ کشمیری آزادی اور حق خود ارادیت کی منزل ضرور حاصل کریں گے۔لیاقت بلوچ نے فاٹا کے قائدین سردار خان ، شاہ جی گل آفریدی ، زر نور آفریدی اور فیصل آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ستر سال بعد فاٹا کے عوام کا حق ہے کہ انہیں آئینی ، قانونی ، جمہوری ، بلدیاتی ، سیاسی اور بنیادی انسانی حقوق دیے جائیں ۔

جماعت اسلامی فاٹا اصلاحات کے بلاتاخیر نفاذ کے لیے فاٹا عوام کے ساتھ ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف ، پارلیمنٹ ، فاٹا عوام اور فوج سے چکر بازی کی بجائے اپنے اتحادی مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی کو خود راہ راست پر لائیں اور فاٹا عوام کے مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی صرف نوازشریف خاندان ہی نہیں ، ہر کرپٹ مافیا جس نے لوٹ مار کی اور قومی و سائل ہڑپ کیے ان کا بلاامتیاز احتساب اور سب کا احتساب چاہتی ہے ۔ کرپشن فری پاکستان تحریک کامیابی کی منزل پائے گی ۔