گندم اور دیگر فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن

جمعرات 20 جولائی 2017 23:10

گندم اور دیگر فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کی ضرورت ہے، وفاقی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت نے یوریا سمیت بہت سی چیزوں پر جی ایس ٹی ختم کر دیا ہے، پنجاب حکومت کے ساتھ گندم اور گندم کی مصنوعات کی برآمد پر سکیورٹی ڈیپازٹس کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔

جمعرات کو ایوان بالا میں افغانستان کو آٹے کی برآمد پر پنجاب حکومت کی طرف سے ادائیگیاں روکے جانے کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ گندم کے آٹے کی برآمد پر سکیورٹی ڈیپازٹس کی واپسی کا معاملہ اٹھایا ہے، فیصلہ ہوا کہ اس سلسلے میں سمری وزیراعلیٰ کو بھجوائی جائے گی اور ایک سمری ای سی سی میں بھجوائی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ ہم نے ای سی سی سے گندم اور گندم کی مصنوعات کی برآمدی مدت میں اضافہ کرایا تاکہ برآمد کنندگان کے مسائل کا ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری فوڈ پنجاب نے بھی ایک سمری بعد میں وزیراعلیٰ کو بھجوائی۔ پنجاب حکومت نے اس حوالے سے ایک خط بھی جاری کیا ہے لیکن محرکین کو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کی ضرورت ہے، ٹیکس بھی کم کرنا ہوں گے، موجودہ حکومت بہت سی چیزوں پر جی ایس ٹی ختم کر رہی ہے، کچھ پر 17 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :