نواز شریف کا وزیر اعظم ہوتے ہوئے دبئی میں ملازمت کرنا پوری قوم کے لئے باعث شرم ہی:صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 20 جولائی 2017 23:04

نواز شریف کا وزیر اعظم ہوتے ہوئے دبئی میں ملازمت کرنا پوری قوم کے لئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران خاندان چوری پکڑے جانے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ نواز شریف کا وزیر اعظم ہوتے ہوئے دبئی میں ملازمت کرنا پوری قوم کے لئے باعث شرم ہے۔ جنرل مشرف سے معاہدہ کر کے جدہ بھاگ جانے والا ہیرو نہیں زیرو ہے۔ پیسے کی ہوس نے شریف خاندان کو رسوائی اور پسپائی کی علامت بنا دیا ہے۔

پچھلے چار سالوں میں دس ارب روپے شریف خاندان کی سیکورٹی پر خرچ ہو چکے ہیں۔ خادم اعلی نے لاہور میں اپنے پانچ ذاتی گھروں کو وزیر اعلی ہاؤس کا درجہ دے رکھا ہے۔ مستونگ میں ہزارہ برادری کے چار افراد کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے۔ ہزارہ برادری کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور بلوچستان حکومت مظلوم ہزارہ برادری کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ عمران نامہ نہیں عبرت نامہ ہے۔ نواز شریف مرد بحران نہیں مورد بحران ہیں۔ ن لیگ جنرل ضیا کی باقیات ہے۔ کرپٹ حکومت کے اتحادی قوم سے غداری اور کرپشن سے وفاداری کر رہے ہیں۔ شریف خاندان کی سیاست کا مرکز و محور کرسی، کمیشن اور کرپشن ہے۔

حکمران پاناما کیس کو لٹکانے کے لئے تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔ شریف فیملی تیس سال اقتدار میں رہنے کی وجہ سے پاکستان کی امیر ترین فیملی بن چکی ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔ حکمران خاندان سے چوری کا مال مسروقہ واپس لیا جائے۔ حکمران خاندان قارون کا پیروکار ہے۔ اسلامی عسکری اتحاد بارے قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ اقوام متحدہ بھارت کی سرحدی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ تھرڈ ایمپائر فوج نہیں عدلیہ ہے۔ پوری قوم اور پاک فوج کرپشن کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے لئے سپریم کورٹ کے ساتھ ہے۔