سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کو مزید فعال کیا جائے گا، سٹی پولیس آفیسر

جمعرات 20 جولائی 2017 23:01

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) سٹی پولیس آفیسراشفاق خان نے کہا ہے کہ سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کو مزید فعال کیا جائے گا۔ لڑائی جھگڑے اور جائیداد کے تنازعات کو مقامی سطح پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔شہریوں کے اعتماد کو بحال کرتے ہوئے انہیں ا حساسِ تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔پولیس اور شہریوں کے درمیان سی پی ایل سی پُل کا کردار ادا کرتی ہے۔

اس پل کو مزید مضبوط کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاپنے آفس میں سٹیزن پولیس لائزن کمیٹی کے عہدے داروںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اخلاق احمد بٹ چیف سی پی ایل سی، چودھری افتخار احمد ڈپٹی چیف، فیصل افضل چیف آف فنانس، سلیمان قادر پھلروان چیف پلاننگ ، بابر شہزاد شیخ چیف کوآرڈینیٹر،پروفیسر رخسانہ نئیر،میاں عامر عزیز اور مستنصر حسین ساہی ، ریٹائرڈ ڈی ایس پی فیض احمد رانجھا، اے ایس آئی ثناء ا للہ و دیگران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

خطاب کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر نے کہا کہ امن و امان کی صورت حال میں بہتری کے لئے سیکیورٹی کے معاملات میں سٹیزن لائزن کمیٹی کی مشاورت اور مدد سے مربوط لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا ۔گاڑی چوری، گھریلو جھگڑے، چیک باؤنس، زمین و جائیداد کے تنازعات کو حل کرنے کے لئے سی پی ایل سی کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا ۔مرتب کردہ ایس او پی کے تحت تمام فرائض انجام دئیے جائیں گے ۔

بات چیت کرتے ہوئے سی پی او نے کہا کہ سی پی ایل سی کی بنیادیں مزید مضبوط کریں گے۔ شہریوں کے تنازعات نمٹانے کے لئے انہیں ایک بہترین فورم مہیا کریں گے۔انہوں نے چیف سی پی ایل سی اخلاق احمد بٹ کی قیادت میں آنے والے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات و درخواست ہائے کو یکسو کرنے میں سی پی ایل سی کا کردار قابل تحسین ہے ۔سٹی پولیس آفیسر اشفاق خان نے سی پی ایل سی کے عہدیداروں اور ممبران کو دل جمعی سے عوام الناس کی خدمت کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس کا ہر افسر اور جوان خدمتِ خلق کے اس جذبے میں ان کا معاون ہے۔

اس موقع پر سی پی ایل سی کے عہدیداروں اور ممبران نے بھی سی پی او اشفاق خان کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ڈویژن بھر کی ترقیاتی سکیموں سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :