وزیراعظم سے اظہاریکجہتی کیلئے لیگی کارکنوں کی طرف سے ریلیوں وسیمینار کا سلسلہ جاری ،نوازشریف کی سرخروئی کیلئے ملتان میں لیگی کارکن کی طرف سے برائلرمرغیوں کا صدقہ

خواب میں دیکھا ہے کہ مرغیوں کا صدقہ دو ،بیڑا پار ہوجائے گا،لیگی کارکن کا موقف ،مسلم لیگ(ن)لائرزفورم کا ڈسٹرکٹ بارہال ملتان میں سیمینار،وکلاء کی کثیرتعداد میں شرکت ، نوازشریف پرکرپشن کا کوئی الزام نہیں، جے آئی ٹی ممبران کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے،جے آئی ٹی کی تفیش سازشوں اور بدنیتوں کا نتیجہ ہے ،لیگی رہنمائوں کی پریس کانفرنس

جمعرات 20 جولائی 2017 22:44

وزیراعظم سے اظہاریکجہتی کیلئے لیگی کارکنوں کی طرف سے ریلیوں وسیمینار ..
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) وزیراعظم میاں نوازشریف سے اظہاریکجہتی کیلئے لیگی کارکنوں کی طرف سے ریلیوں وسیمینار کا سلسلہ جاری ہے،ملتان میں لیگی کارکن نے پاناما کیس میں وزیراعظم میاں نوازشریف کی کامیابی کیلئے گیارہ برائلر مرغیوں کا صدقہ دیا جبکہ مسلم لیگ(ن)لائرزفورم کے وکلاء نے وزیراعظم نواز شریف سے اظہار یکجہتی لئے ڈسٹرکٹ بار ہال میں سیمینار منعقد کیا، لائررز فورم کے صدر ایڈووکیٹ اظہر مغل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے خلاف نعرے لگانے والے ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن لائررز فورم اظہر مغل کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبے دشمنوں کو بھا نہیں رہے جس پر انہوں نے وزیر اعظم کے خلاف مہم چلا رکھی ہے ۔

(جاری ہے)

لیگی وکلاء کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ جانبداری پر مبنی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر ملکی فنڈنگ پر بھی انکوائری بھی ہونی چاہیے ۔مسلم لیگ ن لائررز فورم کے وکلاء نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کو عوامی مینڈیٹ حاصل ہے اس موقع پر ایڈووکیٹ اظہر مغل، ظفر حسین قادری، چوہدری جہانزیب، عمران انجم، محمد نعمان خان، اعجاز لودھی، رانا نوید، فراست بھٹی، مرزا خرم، شفیق انصاری، اظہر کمبوہ اور دیگر وکلاء شامل تھے ۔

دوسری طرف پاناما کیس میں وزیراعظم میاں نوازشریف کی کامیابی کیلئے لیگی کارکن نے گیارہ سفید مرغیوں کا صدقہ دیا،لیگی کارکن کا کہنا تھا کہ خواب میں دیکھا ہے کہ مرغیوں کا صدقہ دو ،بیڑا پار ہوجائے گا،اس موقع پر لیگی رہنما شیخ عمران لیاقت سمیت لیگی کارکنوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔قبل ازیں ضلعی صدر مسلم لیگ(ن)بلال بٹ،ضلعی جنرل سیکرٹری اطہر ممتاز،شاہد مختارلودھی ودیگر نے ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے آئی ٹی رپورٹ کو جھوٹ کا پلندہ قراردیا،لیگی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کیخلاف غیرقانونی تفیش کی گئی،وزیراعظم نوازشریف پرکرپشن کوئی الزام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ممبران کیخلاف کاروائی ہونی چاہیے۔جے آئی ٹی کی تفیش سازشوں اور بدنیتوں کا نتیجہ ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان خود عدالتی مفرور ہیں۔