لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے سید صلاح الدین کے حق میں قراردادمنظور کرنا خوش آئند ہے‘میاں مقصوداحمد

یوم الحاق پاکستان کے موقع پر کشمیریوں پروحشیانہ تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے‘ امیر جماعت اسلامی پنجاب

جمعرات 20 جولائی 2017 21:29

لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے سید صلاح الدین کے حق میں قراردادمنظور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے لاہور ہوئی کورٹ بار کی جانب سے حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈرسید صلاح الدین کے حق میں قراردادمنظورکرنے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ سید صلاح الدین کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑرہے ہیں۔ان کی جدوجہد کوایک سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشت گرد بناکر عالمی دنیا کے سامنے پیش کرنا درحقیقت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو متنازعہ بنانے کی کوشش ہے۔

ہندوستان امریکہ کا گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔یوم الحاق پاکستان کے موقع پر بھارتی فوجیوں کی جانب سے کشمیریوں کے مظاہروں پر وحشیانہ تشددکرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف اپنی مذموم سازشوں میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

اس سے نہ صرف جنوبی ایشیاکے خطے میں امن کی صورتحال تہہ وبالا ہوجائے گی بلکہ مسلسل بھارتی جارحیت اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے سے انحراف کے باعث تیسری عالمی جنگ کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔

ہندوستان اپنی خفیہ ایجنسیوں کے ذریعے پاکستان میں ہر قسم کی تخریب کاری میں براہ راست ملوث ہے۔آبی جارحیت سے لے کر کھیلوں کے میدانوں تک بھارت نے پاکستان کو نقصان پہنچانے کاکوئی موقع خالی ہاتھ نہیں جانے دیا۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وتشدد کی انتہاکرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ خطے میں چودھراہٹ قائم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جاسکتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاک چین سیاسی وعسکری قیادت ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شرانگیزیوں کا بھر پور جواب دیں۔کمزور ،بھارت نواز اور ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بنائی جانے والی خارجہ پالیسی ملک وقوم کے لیے قابل قبول نہیں۔ آزاد خارجہ پالیسی بناتے ہوئے بھارت کو اس کی زبان میں جواب دیا جائے۔