لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع پالیسی تشکیل دی جائے ‘کیپٹن (ر) عثمان خٹک

ترک پولیس کی طرز پر ڈولفن فورس کا تجربہ لاہور میں خاصا کامیاب رہا ہے،امید ہے کہ ٹریفک نظام میں شاہین فورس کی شمولیت بھی اسی طرح فائدہ مند ثابت ہوگی‘آئی جی پنجاب

جمعرات 20 جولائی 2017 21:29

لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) قائمقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان خٹک نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلئے بڑھتی آبادی اور گاڑیوں میں سالانہ اضافے کے مطابق اصلاحات کرتے ہوئے جامع پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں درپیش رکاوٹیںدور کی جائیں تاکہ شاہرات پر ٹریفک نظام میں بہتری آسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ترکی سے ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے آئے ہوئے ماہرین کے چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں ترکی کے ایس پی ٹریفک پولیس مسلم اپیدن ، سٹی میونسپل پلینر بیکرکیلن ، پراجیکٹ ڈیزائنرروڈزعبدالرحمان ایونز، انجینئر ٹریفک سگنل نعیم کراتیپی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب فیصل شاہکار، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب فاروق مظہراور سی ٹی او لاہور رائے اعجاز بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پنجاب کے ٹریفک نظام بالخصوص لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک بہاؤ میں بہتری اور دیگرمسائل کے حل کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں لاہور میں شاہین فورس کی آزمائشی طور پر تشکیل کا اصولی فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر50 وارڈنز کو 25 موٹر سائیکلز کے ساتھ ترک ماہرین کے سپرد کیاجائے گا جو انہیں ہنگامی حالات میں شہر کی سڑکوں پر ٹریفک رواں رکھنے کے لئے جدیدخطوط پر تربیت فراہم کریں گے اس دستے کو تربیت کے بعد پہلے مرحلے میں آزمائشی طور پر سڑکوں پر لایا جائے گااور بعد میں حکومت پنجاب سے باقاعدہ منظوری کے بعد اسے ٹریفک کی سپیشلائزڈ فورس کی شکل دی جائے گی۔

اس موقع پر ترک ماہرین نے پاکستانی ٹریفک نظام کے متعلق اپنی تجاویز دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کی سڑکوں پر تجاوزات ، لین سسٹم کی خلاف ورزی ، گداگر مافیا اور پیدل چلنے والوں کیلئے مناسب راستے نہ ہونا بڑے مسائل ہیں جن کے حل کیلئے وہ لاہور پولیس کے ساتھ مل کر ورکنگ ماڈل تشکیل دیں گے۔ ملاقات کے اختتام میں آئی جی پنجاب نے کہا کہ ترک پولیس کی طرز پر ڈولفن فورس کا تجربہ لاہور میں خاصا کامیاب رہا ہے جس سے سٹریٹ کرائم پر قابو پانے میں کافی مدد مل رہی ہے امید ہے کہ ٹریفک نظام میں شاہین فورس کی شمولیت بھی اسی طرح فائدہ مند ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :