سی پیک منصوبہ ملک بالخصوص ہزارہ کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا، انقلاب جعلی دعوئوں اور نعروں سے نہیں آتے،

آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ مرکز اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی، معاشی طاقت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا، بابر نواز خان

جمعرات 20 جولائی 2017 20:42

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پورے ملک بالخصوص ہزارہ اور ہری پور کی تقدیر بدل کر رکھ دے گا، انقلاب صرف جعلی دعوئوں اور نعروں سے نہیں آتے بلکہ اس کیلئے محمد نواز شریف جیسے عوام دوست جذبہ کی ضرورت ہوتی ہے، کنٹینر مافیا ملکی ترقی میں روڑے اٹکا نے کیلئے ہر اوچھا ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے، محمد نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی طاقت کے بعد معاشی طاقت بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے جس میں انہیں انشاء الله کامیابی ملے گی، سی پیک منصوبہ معاشی طاقت کے مشن کی ایک کڑی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی بدولت ہری پور ہزارہ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، نہ صرف چھ رویہ ہزارہ موٹر وے بنے گی بلکہ ڈرائی پورٹ، ریلوے لائنز کی تعمیر نو سے ہری پور اور پورا ہزارہ ایک جدید ترین خطہ بن کر سامنے آئے گا، اس عظیم منصوبہ سے نہ صرف مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا بلکہ معیشت میں بھی بہتری آئے گی اور ہری پور و دیگر علاقوں کے عوام کو اپنی مصنوعات کو دیگر علاقائی منڈیوں تک رسائی ملے گی جبکہ بڑے بزنس مین اس منصوبہ سے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی اپنے کاروبار کو توسیع دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ترقی مخالف ٹولہ عوام کو بتائے کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں سوائے جعلی ہوائی منصوبوں کے عوام کی کون سی خدمت کی ہے، سی پیک پر سیاست چمکانے کے بعد اپنے عزائم میں ناکامی کے بعد سی پیک کے گن گائے جا رہے ہیں، پہلے میٹرو منصوبہ کو جنگلا بس سروس کا نام دیا گیا لیکن پھر شہباز شریف کی نقل کرتے ہوئے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود بھی ریپڈ بس سروس شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انشاء الله آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ دوبارہ مرکز اور چاروں صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی اور معاشی طاقت کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔

متعلقہ عنوان :