سی پیک اور توانائی کے میگا پروجیکٹ پاکستان کو معاشی طور پر ایشیاء ٹائیگر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے، چوہدری شیر علی

لیگی حکومت نے ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلانے اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ہے،صوبائی وزیر معدنیات کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 20:36

سی پیک اور توانائی کے میگا پروجیکٹ پاکستان کو معاشی طور پر ایشیاء ٹائیگر ..
پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ سی پیک اور توانائی کے میگا پروجیکٹ پاکستان کو معاشی طور پر ایشیاء ٹائیگر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ملکی تاریخ میں ن لیگ کی حکومت کو ہی یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلانے اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ہے، سی پیک تھٹی کلرہ لنگڑیال انٹر چینج کو موٹر وے نیلہ دلہہ انٹر چینج سے ملانے کیلئے دو رویہ سڑک اور کوٹ ملیار تا حاصل دریائے سواں پر پل کی تعمیر پر تقریبا 70 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی ۔

وہ گزشتہ روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 18 میں تقریبا دو ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں جن میں کھوڑ ، فیروز والی سمیت علاقہ بھر کی واٹر سپلائی اسکیمیں، پنڈی گھیب شہر کی داخلی سڑکوں سمیت شہباز پور اخلاص روڈ، ملہووالی روڈ، غریب وال تا توت، فیروز والی تا رتڑیاں، تھٹی نور احمد شاہ تا کوٹ فتح خان روڈ اور دندی چکی تا میرا شریف روڈ اور بیسک ہیلتھ یونٹ کوٹ فتح خان کی اپ گریڈیشن شامل ہیں انہوں نے کہا سوڑہ ڈیم تکمیل کے مراحل کے قریب ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے سدریال ، تاجہ بارا اور شہباز پور کے ڈیموں کیلئے مزید 10 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنڈی گھیب شہر کی واٹر اسکیم کی بحالی کیلئے نئے ٹیوب ویلز اور ٹینکیوں کی تعمیر کی غرض سے سمری پنجاب حکومت کو بھجوائی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سازشوں کے با وجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے کامیابی سے چار سال مکمل کر لیے ہیں اب مخالفین کو چاہیے کہ وہ 2018 ء کے انتخابات تک انتظار کریں ۔