چکوال کلر کہار موڑ پر رتہ موڑ کے قریب جمعرات کی صبح کو کار میں سوار نامعلوم افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا

جمعرات 20 جولائی 2017 20:29

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) چکوال کلر کہار موڑ پر رتہ موڑ کے قریب جمعرات کی صبح کو کار میں سوار نامعلوم افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ چوہرے قتل کی یہ واردات پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور مقتولین کا تعلق قصبہ میرا تھانہ کلر کہار سے ہے۔ مذکورہ چاروں افراد دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر میرا سے چکوال اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے چکوال آرہے تھے جو قتل کے مقدمے میں کچہری لائے جا رہے تھے۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق مخالفین جو ایک کالی گاڑی میں سوار تھے انہوں نے رتہ موڑ پر فائرنگ کر کے صوبیدار خالد محمود ولد منظور الہٰی، محمد یوسف ولد دوست محمد، اکرام ولد سخی محمد اور 18سالہ عاقب ولد شفیق کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

تین افراد موقع پر ہی ڈھیر ہوگئے جبکہ زخمی عاقب شفیق نے ہسپتال پہنچ کر دم دے دیا۔ ملزمان واردات کے بعد موقع پر سے فرار ہوگئے۔

ڈی پی او محمد ہاررون جوئیہ ، ڈی ایس پی صدر کاظم نقوی اور کلر کہار پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ، جنہوں نے نعشوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال پہنچایا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔ اس دوران مقتولین کے لواحقین نے رتہ موڑ پہنچ کر چکوال کلر کہار روڈ بلاک کر دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے نعرے لگائے۔ پولیس کی یقین دہانی پر کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا مظاہرین منتشر ہوگئے۔ واضح رہے کہ قصبہ میرا میں پرانی دشمنی کے شاخسانے میں دونوں فریقین کے متعدد افراد قتل ہوچکے ہیں اور یہ دشمنی چالیس سال کے عرصے پر محیط ہے۔