بنگالی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، گورنر سندھ محمد زبیر

پاکستان کے قیام میں برصغیر کی تمام لسانی اکائیوں کی مشترکہ جدوجہد شامل تھی،،مشرقی پاکستان کے سانحہ کے بعد لاکھوں بنگالیوں نے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی، مسلم الائنس کے وفد سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 20:19

بنگالی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، گورنر سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں برصغیر کی تمام لسانی اکائیوں کی مشترکہ جدوجہد شامل تھی ، آئندہ نسلوں کے لئے خودمختار آزاد ریاست کے حصول کے لئے لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جن کی خدمات کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے،مشرقی پاکستان کے سانحہ کے بعد لاکھوں بنگالیوں نے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی یہ ان کی ملک سے محبت کی واضح دلیل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی بلا تفریق خدمت اور ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے ،اس ضمن میں عوامی مشکلات کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے لائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں پاک مسلم الائنس کے وفد سے ملاقات میں کیاجس کی سربراہی ایس ایم فاروق کررہے تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں جاری صورتحال ، بنگالی کمیونٹی کو درپیش مشکلات ، علاقوں میں ترقیاتی کام ، حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔

گورنر سندھ نے کہاکہ موجودہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ تمام شہروں کی یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان نے صوبہ کے متعدد دورے کے دوران وفاقی ترقیاتی پیکج کے اعلانات بھی کئے جن پر تیزی سے کام جاری ہے ، بنگالی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ، بنگالی بھی محب الوطن ہیں ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں ، وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کو دور کرانے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کروں گا تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ بنگالی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شرو ع کئے جائیں گے اس ضمن میں کراچی ترقیاتی پیکج میں ان علاقوں کو شامل کرنے کی سفارش کروں گا ۔ وفد نے بنگالی کمیونٹی کے مسائل کو تفصیل سے سننے اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بنگالی کمیونٹی کو گورنر سندھ سے بہت امید ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کرائیں گے ۔