نیازی صاحب پاکستان میں انتشار ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیں،شہبازشریف

سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ترقی و خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے والوں کو قوم پر رحم کرنا چاہیئے، مخالفین چیختے چلاتے رہیں ، عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے وزیراعلی پنجاب کی اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 20:17

نیازی صاحب پاکستان میں انتشار ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیں،شہبازشریف
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام افراتفری اور انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیںاوراس وقت جب ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے تو سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے والوں کو قوم پر رحم کرنا چاہیئے۔

اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیںاورجھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے۔نیازی صاحب پاکستان میں انتشار ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیںاور ان کی تمام تر سیاست دشنام طرازی اور جھوٹ پر مبنی ہے ،بیان دے کر تردید کرنا اور بات کہہ کے پیچھے ہٹ جانا جھوٹ بولنے کے ماہر ان سیاستدان کا شیوہ ہے۔

(جاری ہے)

منفی سیاست کے علمبرداروں کو 2013 کے عام انتخابات کے بعد ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور شکست خوردہ عناصر کی بیمار ذہنیت قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے۔ مخلص اور خدمت خلق سے سرشار قیادت پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کرنے والوں کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے۔ یہ عناصر ہوس اقتدار میں ملک کی ترقی کا سفر خراب کرنے کے درپے ہیں۔ پاکستان کو معاشی ترقی سے محروم کرنے کی سازشیں کرنے والے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیںاور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرکے نئے رجحان کی داغ بیل ڈالی ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر محاذآرائی کی کوشش کرنے والے عوام کی ترقی پر حملہ آور ہیں۔ منفی حربوں کے ذریعے ان کا حصول اقتدار کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا جرم ہے تو اس کے لئے ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں۔ منصوبوں میں اربوں روپے کی بے مثال بچت کرنا ہمارا قصور ہے تو بھی ہر سزا کیلئے تیار ہیں۔

توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہمارا گناہ ہے تو اس کیلئے بھی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ مخالفین جتنا چاہیں چیختے چلاتے رہیں ، عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اورعوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔انہوںنے کہا کہ محب وطن اور دیانتدار قیادت پربے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کے ووٹ کی حرمت کو پامال نہ کریں،انتہائی افسوسناک امر ہے کہ کرپشن او ربدعنوانی کی داستانیں رقم کرنے والے بھی احتساب کا شور مچا رہے ہیں۔

جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوںنے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے اور اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے اور پاکستان کے با شعور عوام ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے والوں کو اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ترقی کے سفر کو متاثر کرنے والوں سے پاکستان کے عوام حساب لیںگے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں محسن شاہنواز رانجھا، طاہر بشیر چیمہ اور محمداصغر شامل تھے۔