صبر کا پیمانہ وزیراعظم کا نہیں قوم کا لبریز ہو رہا ہے، نواز شریف استعفیٰ نہ دیکر ضد بھی پوری کر لیں‘محمود الرشید

عدالت نے نواز شریف کو نا اہل کیا تو اس پر عملدرآمد پوری قوم اور خود سپریم کورٹ کرائے گی‘اپوزیشن لیڈر کی وکلاء کے وفد سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 20:14

صبر کا پیمانہ وزیراعظم کا نہیں قوم کا لبریز ہو رہا ہے، نواز شریف استعفیٰ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ صبر کا پیمانہ وزیراعظم کا نہیں قوم کا لبریز ہو رہا ہے، نواز شریف استعفیٰ نہ دیکر ضد بھی پوری کر لیں، فیصلہ خلاف آیا تو سپریم کورٹ اور پوری قوم عملدرآمد کرانا بھی جانتی ہے، وزیراعظم پر جعلسازی اور فراڈ کا مقدمہ بھی چلائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وکلا کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں خادم شفیق ایڈووکیٹ، ساجد علی ایڈووکیٹ، چودھری اسلم ضیغم ایڈووکیٹ و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کے بیان پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ وزیراعظم پر کیا الزام ہے اس کے بعد نواز شریف کا بیان قابل مذمت اور شرمناک ہے ، درحقیقت کرپشن اور منی لانڈرنگ پر وزیراعظم نہیں قوم کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ بات اتنی سادہ نہیں تھی جتنی سمجھ آ رہی تھی، جے آئی ٹی رپورٹ میں وزیراعظم اور انکے خاندان کے دیگر جرائم کا بھی انکشاف ہوا ہے، اب بات آرٹیکل 62اور 63سے بہت آگے نکل چکی ہے، نواز شریف نا صرف نا اہل بلکہ جیل بھی جائیں گے۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ شریف برادران جمہوریت یا عدلیہ کیخلاف سازش کا تصور بھی نہ کریں، عدلیہ پر حملہ ہونے دیں گے اور نہ ہی انہیں سیاسی شہید ہونے کا موقع دیں گے، عدالت نے نواز شریف کو نا اہل کیا تو اس پر عملدرآمد پوری قوم اور خود سپریم کورٹ کرائے گی۔