صوابی ، جگناتھ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کانسٹیبل پر دوران ڈیوٹی اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا

جمعرات 20 جولائی 2017 19:35

صوابی ، جگناتھ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے کانسٹیبل پر ..
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) آدینہ لاہور روڈ پر جگناتھ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے تھانہ تورڈھیر میں تعینات ڈی ایف سی ( پیدل رساں کانسٹیبل)حق نواز خان پر دوران ڈیوٹی اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کر دیا پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ تورڈھیر میں تعینات ڈی ایف سی حق نواز خان معمول کے مطابق جمعرات کی علی الصبح ڈی پی او آفس صوابی اور بعد ازاں ڈی ایس پی آفس چھوٹا لاہور میں ڈیلی سپیشل رپورٹ ( ڈی ایس آر)حوالہ کر نے کے بعد اپنے موٹر سائیکل پر آدینہ روڈ پر سائلان کے پاس عدالتی سمن دینے کے لئے جارہے تھے کہ راستے میں آدینہ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا مقتول تھانہ پر مولی کے اے ایس آئی شاہ نواز خان کے بھائی تھے مقتول کی نماز جنازہ ساڑھے گیارہ بجے پولیس لائن شاہ منصور صوابی میں ادا کی گئی جس میں ڈی آئی جی عالم خان شنواری ، ڈی پی او صوابی محمد صہیب اشرف ، ڈی سی صوابی معتصم باللہ شاہ، ایم پی اے شیراز خان ، ضلع ناظم حاجی امیر الرحمن ، ایم این اے عثمان خان ترکئی و دیگر پولیس آفسران و ممبران اسمبلی اور اہلکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہید کی میت کو چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی بعد ازاں شہید کی میت کو ان کے گائوں موضع آدینہ روانہ کر دیا گیا جہاں نماز عصر کے بعد جنازہ ادا کرنے کے بعد پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔شہید کانسٹیبل2فروری 1975میں آبائی گاوں ادینہ محلہ بابی خیل میں پیدا ہوا تھا ، میٹرک تعلیم مکمل کرنے کے بعد 26جون 1996میں ضلع چارسدہ میں پولیس کانسٹبل بھرتی ہوا ،شہید ایک خاکسار ،عاجز طبیعت اور سوم صلاة کا پابند تھا ،شہید حق نواز خان نے بیوی ،2بیٹے اور 2بیٹیاں کو سوگوار چھوڑگئے #

متعلقہ عنوان :