احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت

راجہ پرویز اشرف نے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی استدعا کر دی

جمعرات 20 جولائی 2017 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2017ء) احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت ، راجہ پرویز اشرف نے عدالت میں پیشی سے استثنیٰ کی استدعا کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج نثار بیگ نے کی۔ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ دوسری جانب راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے عدالت میں پیشی سے استثناء کی درخواست دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے راجہ پرویز اشرف عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے اس لیے راجہ پرویز اشرف کو حاضری سے مکمل استثنی ٰدیاجائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت سات اگست تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی ہم عدالت میں پیش ہوئے ہیں ، پاناما پر شور مچانے والے عدالتوں کا سامنا کریں۔

انکا کہنا تھا کہ پی پی پی نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے، ہم دوسروں کی طرح شور نہیں مچاتے بلکہ کیسوں کا سامنا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزام ہے کہ میں نے کلاس فور کی بھرتیاں کیں، لوگوں کو روزگار مہیا کرنا کون سا جرم ہے۔ میں عدالت سے اپیل کرتا ہوں کہ میرے کیس پر بھی جے آئی ٹی بنا دیں ،میں سامنا کرنے کے لیے تیار ہوں ، پاناما پر شور مچانے والے بھی عدالتوں کا سامنا کریں۔