Live Updates

اسلام آباد ، انسداد دہشتگردی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت

ایک بار پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب عمران خان مفرور ہیں، حیلے بہانے کرکے اس کیس کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،دانیال عزیز

جمعرات 20 جولائی 2017 19:31

اسلام آباد ، انسداد دہشتگردی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2017ء) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں ایک بار پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں، لیگی رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ عمران خان مفرور ہیں، حیلے بہانے کرکے اس کیس کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ سماعت کے دوران مقدمہ کے مرکزی گواہ انسپکٹر غلام مصطفی عدالت میں پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کرایاجبکہ ایس ایس پی عصمت اللہ امریکہ ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔مرکزی گواہ انسپکٹر غلام مصطفی نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کی گرفتاری کی درخواست حاصل کی، ایف آئی آر کی کاپی ملنے کے بعد تفتیش شروع کی اور اس معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دی اس دوران چیئرمین پیمرا سے نامعلوم افراد کے خلاف تشدد کی سی ڈی طلب کی گئی لیکن صرف ایک سی ڈی مہیا کی گئی جس کے بعد میرا تبادلہ ہی ہو گیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایک مرتبہ پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔آئندہ سماعت پر دو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے جائینگے۔سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ اس کیس کی پارلیمانی کمیٹی سے تفتیش کرائی جائے، نوٹس جاری کیے جائیںاورکیس کو جلد از جلد نمٹایا جائے ، حیلے بہانے کرکے اس کیس کو مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان عدالت کی پرواہ نہیں کرتے وہ عدالت سے مفرور ہیں۔ ۔۔۔۔۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات