وزیراعظم اپنی حکومت کا خاتمہ دیکھتے ہوئے استعفیٰ دینے کے بجائے سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں،امیر بھنبھرو

جمعرات 20 جولائی 2017 19:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) سندھ نیشنل پارٹی کے سربراہ امیر بھنبھرو نے کہا ہے کہ ملک کے وزیراعظم اپنی حکومت کا خاتمہ دیکھتے ہوئے استعفیٰ دینے کے بجائے سسٹم کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، آمریت کی پیداوار نواز لیگ اپنی کرپشن کومنظرعام پر آتے دیکھ کر پوری ملک کو آمریت کی طرف دھکیل رہی ہے، امیر بھنبھرو نے اپنے جاری کئے گئے بیان میں مزید کہا کہ یہ منطق سمجھ سے باہر ہے کہ کرپشن کرنے کی چھوٹ دی جائے، دیگر صورت جمہوریت کو خطرہ ہے، جمہوریت کا نام صرف اور صرف کرپٹ مافیہ کو بچانے کیلئے استعال کیا جارہا ہے، مذہب، معاشرے اور باوقار ممالک میں کرپشن کے الزامات کے بعد حکمران عوامی مطالبے سے پہلے ہی اخلاقی طور پر عہدے سے الگ ہو جاتے ہیں، لیکن پاکستان میں مختلف روایت ہے، یہاں حکمران چاہتے ہیں کہ عوا م اور ملک کے تمام ادارے تباہ ہو جائیں لیکن اقتدار نہیں چھوڑیں گے، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی قیمت ملک کے 20 کروڑ عوام چکائے گا، ملک کے وزیراعظم اداروں کو دھمکاکر اپنا من پسند فیصلہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اور ایسی ہٹ دھرمی جمہوریت کیلئے ہانیکارک ثابت ہوگی، حکمران جان بوجھ کر ملک میں مارشل لاء کی راہ ہموارکررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کے غلط روئیے اور غلط فیصلوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر ملک پر بوٹوں کی چاپ سنائی دے رہی ہے، اگر اس بار ملک میں آمریت آئی تو اس کا ذمہ دار وزیراعظم اور اس کی پارٹی ہوگی، امیر بھنبھرو نے مزید کہا کہ ملک کو بچانے کیلئے وزیراعظم نواز شریف کو استعفیٰ دے دینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :