سینئیر صحافی کی کرکٹر احمد شہزاد پر تنقید، کھلاڑی ساتھی کرکٹر کی سپورٹ میں سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جولائی 2017 18:41

سینئیر صحافی کی کرکٹر احمد شہزاد پر تنقید، کھلاڑی ساتھی کرکٹر کی سپورٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2017ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی جاوید چوہدری نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی مثال دیتے ہوئے بڑی مہارت سے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کو بیان کیا ۔ پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں ایک کھلاڑی ایسے ہیں جو میدان میں کم اور سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آتے ہیں۔

ایسے کھلاڑی میچ جیتنے کے موقع پر سب سے آگے بڑھ کر ٹرافی تھامتے ہیں اور اس کو ہوا میں لہراتے ہیں۔ ٹھیک ایسے ہی جیسے یہ ٹرافی انہوں نے جیتی ہو۔ جاوید چوہدری نے کہاکہ سیاست میں بھی پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ق کی مثال احمد شہزاد کی سی ہے ۔ کیونکہ پانامہ کیس پر ساری محنت عمران خان نے کی لیکن اب جب پانامہ کیس حتمی مراحل میں داخل ہو رہا ہے تو ہر کوئی ہی کریڈٹ لینے کے لیے آگے آگیا ہے۔

(جاری ہے)

جاوید چوہدری کی اس تنقید پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹر احمد شہزاد نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کیا یہ پروگرام کا کامیڈی سیکشن تھا؟ یہ بہت زیادہ مضحکہ خیز ہے۔ احمد شہزاد نے مزید کہا کہ میں اس سے سو فیصد انکار کرتا ہوں۔ سیاست اور کھیل میں بہت فرق ہے۔ اور ان کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔
احمد شہزاد کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ان کے ساتھی کھلاڑی بھی میدان میں آ گئے اور احمد شہزاد کے موقف کی تائید کی ۔

ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عماد وسیم کا کہنا تھا کہ اپنی حدود سے آگے نہ بڑھیں اور اپنا کام کریں۔ کرکٹ کو سپورٹ کریں۔ پاکستان زندہ باد
  حسن علی کا کہنا تھا کہ احمد بھائی میں آپ کے ساتھ اتفاق کرتا ہوں۔ سیاست کو کرکٹ سے باہر ہی رکھنا چاہئیے۔
اسی طرح شاہد آفریدی  اور شاداب خان نے بھی ٹویٹر پر احمد شہزاد کے موقف کی حمایت کی ۔ جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جاوید چوہدری کو بھی اپنے اس موازنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

متعلقہ عنوان :