کویت نے ایران کا ثقافتی مشن بند کردیا- ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کو کم کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جولائی 2017 18:33

کویت نے ایران کا ثقافتی مشن بند کردیا- ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کو ..
کویت سٹی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جولائی۔2017ء) کویت نے ایران کا ثقافتی مشن اور اس سے متعلقہ دفاتر کو بندکرکے ایرانی سفارت کاروں کی تعداد کو کم کرنے کا حکم دیا ہے۔بین القوامی نشریاتی ادارے کے مطابق کویتی حکومت کی جانب سے جاری ہونے والے مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا تعلق 2015 میں دہشت گردوں کے سیل توڑے جانے کے اس کیس سے ہے، جس میں کویتی انتظامیہ کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ سیل توڑنے والوں کے ایران اور دہشت گرد گروپ حزب اللہ سے روابط تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اس اقدام سے متعلق کویت میں تعینات ایرانی سفیر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ایرانی سفارت خانے کی جانب سے فوری طور پر اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔دوسری جانب ایک عرب نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ کویت میں ایرانی سفارت خانے کے ثقافتی کے علاوہ فوجی دفاتر کو بھی بند کیا گیا ہے جبکہ اضافی سفارتی عملہ کو ڈیڑھ ماہ میں ملک سے چلے جانے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کویت کی وزارت داخلہ نے گذشتہ روز ابدالی سیل سے تعلق رکھنے والے سولہ مجرموں کی تصاویر جاری کی تھیں۔انھیں ان کی عدم موجودگی میں عدالت نے قید کی سزائیں سنائی ہیں۔وزارت داخلہ نے ایک بیان میں شہریوں سے ان کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے بھی ان مجرموں کو پناہ دی یا کسی طرح ان کی معاونت کی تو اس کو قید اور جرمانے کی سزا کا سامنا ہوسکتا ہے۔

13 اگست 2015ءکو کویتی حکام نے عراق کی سرحد کے نزدیک واقع الابدالی فارم کے علاقے سے متعدد مدعاعلیہان کو گرفتار کر لیا تھا اور ان مشتبہ افراد کے ملکیتی مکانوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔پکڑے گئے اسلحہ میں 19 ٹن گولہ بارود ، 144 کلوگرام دھماکا خیز مواد ،مختلف قسم کے 68 ہتھیار اور 204 دستی بم ( گرینیڈز) شامل تھے۔

ان کے علاوہ برقی ڈیٹونیٹرز بھی پکڑے گئے تھے۔گذشتہ سال ایک عدالتی فیصلے کے بعد سے کویت نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کے ضمن میں متعدد اقدامات کیے ہیں۔گذشتہ سال ایک ایرانی اور متعدد کویتیوں پر مشتمل گروپ کو ایران اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیے جاسوسی کے الزام میں پکڑا گیا تھا اور پھر انھیں جاسوسی کے الزامات میں عدالت نے قصور وار قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :