بی جے پی کے حمایت یافتہ رام ناتھ کووند بھارت کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 20 جولائی 2017 18:15

بی جے پی کے حمایت یافتہ رام ناتھ کووند بھارت کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 جولائی۔2017ء) بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے حمایت یافتہ رام ناتھ کووند بھارت کے 14ویں صدر منتخب ہوگئے۔بھارتی الیکشن کمیشن نے کہا کہ رام ناتھ کووند بھارتی پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں کے 65 فیصد ووٹ حاصل کرکے ملک کے صدر منتخب ہوئے۔71 سالہ سابق وکیل اور ہندووں کی دلِت ذات سے تعلق رکھنے والے رام ناتھ کووند کو بی جے پی نے صدارت کے منصب کے لیے نامزد کیا تھا، جبکہ ان کے مقابلے میں اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی دلت برادری سے تعلق رکھنے والی سابق رکن پارلیمنٹ میرا کمار کو صدارت کے لیے نامزد کیا تھا۔

اس موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے رام ناتھ کووند کو صدر بننے کی مبارک باد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بی جے پی کی حکومت میں رام ناتھ کووند کے صدر منتخب ہونے پر تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ نریندر مودی نے ایک طویل عرصے سے نظر انداز کیے جانے والے نچلی ذات کے ہندووں پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

یاد رہے کہ ایک ارب سے زائد آبادی والے بھارت میں نچلی ذات کے ہندووں کی تعداد 20 کروڑ ہے، جو بھارت کی غریب عوام میں شمار کیے جاتے ہیں۔قانونی تحفظ کے باوجود بھارت میں دلت برادری کے لوگوں کے ساتھ غیر امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے، جبکہ انہیں تعلیم اور دیگر مواقع سے بھی دور رکھا جاتا ہے۔بھارت کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب ریاست کے سربراہ کا انتخاب نچلی ذات کے ہندووں میں سے ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :