سینیٹرسعید غنی سینیٹ سے پرتپاک انداز میں رخصت ،رضا ربانی کا شاندار الفاظ میں خراج تحسین

توقع ہے کہ سعید غنی سندھ اسمبلی میں سینیٹ اور وفاق کی نمائندگی کریں گے،چیئرمین سینیٹ پی ایس 114کے تاریخ کے صاف شفاف ترین انتخابات کے ذریعے منتخب ہوا، ہر قسم کا حلف دینے کو تیار ہوں کہ انتخابات میں کسی قسم کی گڑ بڑ نہیں کی، اگر میری کسی بات پر کسی رکن کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت کرتا ہوں،سینیٹ میں پارٹی کا نکتہ نظر بیان کرنا میری بنیادی ذمہ داری تھا، پورے عرصے میں سینیٹ سیکرٹریٹ کا مکمل تعاون حاصل رہا،سعید غنی کا سینیٹ میں الوداعی خطاب

جمعرات 20 جولائی 2017 18:26

سینیٹرسعید غنی سینیٹ سے پرتپاک انداز میں رخصت ،رضا ربانی کا شاندار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرسعید غنی کو سینیٹ سے پرتپاک انداز میں رخصت کر دیا گیا ، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے شاندار الفاط میں سعید غنی کو خراج تحسین پیش کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ سندھ اسمبلی میں سینیٹ اور وفاق کی نمائندگی کریں گے جبکہ سعید غنی نے سینیٹ میں الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ پی ایس 114کے تاریخ کے صاف شفاف ترین انتخابات کے ذریعے منتخب ہوا، ہر قسم کا حلف دینے کو تیار ہوں کہ انتخابات میں کسی قسم کی گڑ بڑ نہیں کی۔

جمعرات کو سینیٹ میں الوداعی خطاب میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ اگر میری کسی بات پر کسی رکن کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت کرتا ہوں، سینیٹ میں پارٹی کا نکتہ نظر بیان کرنا میری بنیادی ذمہ داری تھا، پورے عرصے میں سینیٹ سیکرٹریٹ کا مکمل تعاون حاصل رہا، ایک معمولی شکایت بھی پیدا نہیں ہوئی، میں عام آدمی ہوں، یہاں کا رکن بننا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، میں بہت غریب خاندان کا آدمی ہوں، میرے دادا مزدوری کرتے تھے، بڑی مشکل سے انہوں نے میرے والد کو پڑھایا،پڑھائی کے دوران میرے والد بھی مزدوری کرتے تھے، میٹرک کی فیس کیلئے میری دادی نے کپڑے اور گھر کی چیزیں فروخت کیں، کسی طرح سے میرے والد نے ایم اے کر لیا ٹریڈ یونین میں آ گئے،سیاست کی، ہم بڑے نہیں بہت چھوٹے لوگ ہیں، عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ زمین پر چلنے والے لوگ بھی اس ایوان میں پہنچ سکتے ہیں، ہم نے اپنی اوقات کبھی نہیں بھولی، والد کی نصیحت تھی کہ محسن کو کبھی نہ بھولنا،والد کی خواہش تھی کہ ان کے بچوں کو دیکھ کر لوگ کہیں یہ فلاں کے بچے تھے اور میری قریب سے گزرتے لوگ میری تعریف کریں، میں نے زندگی میں بہت نشیب و فراز دیکھے، زندگی میں بہت پیشکش ہوئی، میرے والد کی باتیں میرے پائوں کی زنجیریں اور ہاتھ کی ہتھکڑی ہیں، آج تک اپنے باپ کی باتوں کی لاج رکھی ہے، میں نے 23سال کی عمر میں سیاست میں قدم رکھا،سیاست کے مشکل ترین دن دیکھے، سینیٹ سے صوبائی اسمبلی جانا اعزاز ہے کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اسمبلی میں جائوں، لوگوں کا اعتماد چیلنج ہے ، غلط بیانی سے بچتا ہوں، کراچی کے حلقہ 114میں تاریخ کا صاف شفاف ترین انتخاب ہوا،ہر طرح کا حلف دینے کو تیار ہوں کہ انتخابات میں کسی قسم کی گڑ بڑ نہیں کی، سرکاری وسائل سے دور رکھا، اپوزیشن لیڈر سے خورشید شاہ اور اعتزاز احسن نے آخری انتخابی جلسے سے خطاب کیا، جس قدر پارٹی قیادت نے اعتماد کیا ہے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، ارکان سینیٹ کی بہت یاد آئے گی، قابل لوگوں کے ساتھ وقت گزارا، سینٹ میں سیاسی اختلاقات کے باوجود ذاتی تعلق مروت کسی اور ہائوس میں نہیں ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سعید غنی کی صلاحیت کی تعریف کی اور کہا کہ فعال سینیٹر کی حیثیت سے کردار ادا کیا، ملکی استحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے، پورے ہائوس کی طرف سے پی ایس 114سے منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور چیئرمین سینیٹ نے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک کیلئے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے اور سندھ اسمبلی میں سینیٹ اور وفاق کی نمائندگی کریں گے،انہوں نے سعید غنی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، صلاح الدین ترمذی ،اعظم سواتی اور دیگر نے بھی سعید غنی کی تعریف کی۔