بنگالی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، گورنر سندھ

جمعرات 20 جولائی 2017 18:26

بنگالی کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے قیام میں برصغیر کی تمام لسانی اکائیوں کی مشترکہ جدوجہد شامل تھی، آئندہ نسلوں کے لئے خود مختار آزاد ریاست کے حصول کے لئے لاکھوں افراد نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جن کی خدمات کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے،مشرقی پاکستان کے سانحہ کے بعد لاکھوں بنگالیوں نے پاکستان میں رہنے کو ترجیح دی یہ ان کی ملک سے محبت کی واضح دلیل ہے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاک مسلم الائنس کے وفد سے ملاقات میں کیا جس کی سربراہی ایس ایم فاروق کر رہے تھے۔ ملاقات میں جاری صورتحال، بنگالی کمیونٹی کو درپیش مشکلات، علاقوں میں ترقیاتی کام، حائل رکاوٹوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت عوام کی بلا تفریق خدمت اور ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے، اس ضمن میں عوامی مشکلات کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے لائے جا رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہاکہ موجودہ حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ تمام شہروں کی یکساں ترقی کے وژن پر کار بند ہے اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان نے صوبہ کے متعدد دورے کے دوران وفاقی ترقیاتی پیکج کے اعلانات بھی کئے جن پر تیزی سے کام جاری ہے، بنگالی کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، بنگالی بھی محب الوطن ہیں ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں، وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کو دور کرانے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کروں گا تاکہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بنگالی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام شرو ع کئے جائیں گے اس ضمن میں کراچی ترقیاتی پیکج میں ان علاقوں کو شامل کرنے کی سفارش کروں گا۔ وفد نے بنگالی کمیونٹی کے مسائل کو تفصیل سے سننے اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں دلچسپی لینے پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بنگالی کمیونٹی کو گورنر سندھ سے بہت امید ہے کہ وہ ان مسائل کو حل کرائیں گے۔

متعلقہ عنوان :