Live Updates

شریف فیملی کی تضادات سے بھرپور دستاویزات کا ’’پارٹ ٹو‘‘ بھی فلاپ ہو گیا ہے‘عبدالعلیم خان

کھوکھلے نعرے اور سیاسی بڑھکیں مصنوعی اعتماد کا باعث نہیں بن سکتیں ،جلد ڈراپ سین سامنے آئیگا‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

جمعرات 20 جولائی 2017 18:21

شریف فیملی کی تضادات سے بھرپور دستاویزات کا ’’پارٹ ٹو‘‘ بھی فلاپ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی کی تضادات سے بھرپور دستاویزات کا پارٹ ٹو بھی فلاپ ہو گیا ہے اور خود سرکاری وکیل کا غلطیوں کا اعتراف حکومتی کشتی میں پہلا سوراخ ہے جس کے بعد اسے ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا ہے کہ کھوکھلے نعرے اورسیاسی بڑھکیں مصنوعی اعتماد کا باعث نہیں بن سکتیں خود نواز شریف کو بھی علم ہو گیا ہے کہ اس سارے معاملے کا ڈراپ سین جلد سامنے آنے والا ہے اسی لیے ان کی باڈی لینگوئج بھی ان کے الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دوسروں کو دھونس ،دھمکیاں اور بد دعائیں دینے کی بجائے حکمرانوں کو اپنے اعمال پرنظر ڈالنی چاہیے جنہوں نے ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولنے کو ترجیح دی اور نا اہل اور نکمے مشیران کے مشوروں پر عمل کرتے ہوئے سو جوتے اور سو پیاز کھائے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف نے کسی بھی مرحلے پر ملنے والی مہلت سے فائدہ نہیں اٹھایا اور اب بات استعفے سے کہیں آگے نکل چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جس قد ر معاملہ اور آگے گیا حکمرانوں کی مشکلات میں اسی طور اضافہ ہوتا جائے گا اور یہ نواز شریف کی خوش فہمی ہے کہ عوام ان کی کال پر باہر نکلیں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم کو ڈٹ جانے کا مشورہ دینے والے اب ان کے پیچھے ہٹ جانے کے انتظار میں ہیں تاکہ کسی نہ کسی کے حصے میں وزارت عظمیٰ کا "کیک"آسکے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ابھی تو احتسابی عمل کا آغاز ہے،ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں اور سرکاری اداروں کو کرپشن کا آلہ کار بنانے، ایل ڈی اے پلاٹوں کی بندر بانٹ سمیت درجنوں کیس نواز خاندان کے منتظر ہیں،ان سب کیسوں میں سزائیں ہوئیں باقی زندگی سلاخوں کے پیچھے ہوگی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ کرپشن کے احتساب کا سارا سہرہ عمران خان کے سر ہے جنہوں نے تن تنہا قوم کو بیدار کیا اور حکمرانوں کو کٹہرے میں آنے پر مجبور کر دیا انشاء اللہ آئندہ بھی تحریک انصاف میدان میں ہو گی اور ملک میںشفاف نظام کویقینی بنانے کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات