Live Updates

ایس ایس پی تشدد کیس ،ْ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرلیں

عدالت نے آئندہ سماعت پر دو گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کے لئے بھی طلب کر لیا

جمعرات 20 جولائی 2017 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے سماعت 24اگست تک ملتوی کر دی ۔ جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے موقع پر مرکزی گواہ انسپکٹر غلام مصطفی عدالت میں پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کروایا۔اس موقع پر ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو امریکا میں ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ مرکزی گواہ انسپکٹر غلام مصطفی نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی گرفتاری کی درخواست حاصل کی اور ایف آئی آر کی کاپی ملنے کے بعد تفتیش شروع کی میں نے واقعہ کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کی درخواست دی اور چیئرمین پیمرا سے نامعلوم افراد کے خلاف تشدد کی سی ڈی طلب کی لیکن صرف ایک سی ڈی مہیا کی گئی ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ایک بار پھر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر دو گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کے لئے بھی طلب کر لیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات