بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،ْ دو افراد کی شہادت پر احتجاج

سویلین کو جان بوجھ کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،ْبھارت سیزفائر معاہدے کی پاسداری کرے ،ْ پاکستان

جمعرات 20 جولائی 2017 17:44

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ،ْ دو افراد کی شہادت پر احتجاج
ْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (سارک و جنوبی ایشیائ) نے جمعرات کو بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارت کی جانب سی19 جولائی کو نکیال اورنیزہ پیر سیکٹرز میںایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک شہری نکیال اور دوسرا نیزہ پیر سیکٹر میں شہید اور پانچ شہری زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی جانب سے بار بار احتجاج کے باوجود بھارت کی جانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔رواں سال کے دوران بھارت اب تک ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر 594 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بتایا گیا کہ سویلین کو جان بوجھ کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت اور انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ سیز فائر معاہدے کی مکمل پاسداری کرے۔