کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ،ہمارے اسلاف نے 70سال قبل قراداد الحاق پاکستان کی شکل میں اپنا مستقبل ملت اسلامیہ پاکستان کے ساتھ وابستہ کر کے اپنی منزل کا تعین کیا تھا ،جس کے حصول کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام ہندوستانی جبر و استبداد اور غاصبانہ قبضے کے خلاف بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں

ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل حکومت آزاد کشمیر فدا حسین کیانی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 20 جولائی 2017 17:02

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) مسلم لیگ ’’ن‘‘ آزاد جموں وکشمیر کے چیئرمین تنظیمی بورڈ اور ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل حکومت آزاد کشمیر فدا حسین کیانی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی اپنے فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو چکی ہے ۔ہمارے اسلاف نے ستر سال قبل 19جولائی 1947کو قراداد الحاق پاکستان کی شکل میں اپنا مستقبل ملت اسلامیہ پاکستان کے ساتھ وابستہ کر کے اپنی منزل کا تعین کیا تھا جس کے حصول کیلئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حریت پسند عوام ہندوستانی جبر و استبداد اور غاصبانہ قبضے کے خلاف بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں۔

خطے میں پائیدار امن کے تمام راستے جموں وکشمیر سے ہو کر گزرتے ہیں، عالمی طاقتیں اپنا دوہرا معیار ختم کریں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو یہ حق دلائیں کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

وہ یہاں ’’یوم الحاق پاکستان‘‘ کے سلسلہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت قومی تقریبات کمیٹی کے چیئرمین ،ڈپٹی کمشنر میرپور انصر یعقوب نے کی ، تقریب میں کشمیر پریس کلب میرپور کے صدر راجہ حبیب اللہ خان ، قومی تقریبات کمیٹی کے جنرل سیکرٹری الطاف حمید رائو ، انجمن تاجران کے صدور چوہدری محمد نعیم ، راجہ خالد محمود،جماعت اسلامی کے محمد بشیر ، مسلم لیگ ’’ن‘‘ شعبہ خواتین کی ڈاکٹر عشرت سجاد، ملازمین تنظیموں کے نمائندے ضیا منہاس نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور راجہ فاروق اکرم ، اسٹنٹ کمشنر راجہ قیصر اورنگ زیب ،کشمیر سینٹر میرپور کے ڈائریکٹر ملک محمد اسحاق،انفارمیشن آفیسر جاوید ملک، افسر مال راجہ ایاز خان ، ڈی پی اور میرپور راجہ منہیب ٹھاکر ، انجمن تاجران کے تنویر غازی ، ایپکا کے صدر راجہ مسعود راٹھور،قیصر شیراز کاظمی ،سینئر صحافی کامران عابد بخاری ، سجاد خانپوری ،ندیم صدیقی کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندگان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فدا کیانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جولائی کا مہینہ ریاست جموں وکشمیر کی تاریخ میں بڑی اہمیت کا حامل ہے ، انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931کو بائیس مسلمانوں نے اپنے مقدس خون سے جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے ایک منظم جدو جہد کا آغاز کیا ، 27جولائی1946کو رئیس الا حرار چوہدری غلام عباس ؒ کی قیادت میں ’’قرارداد آزاد کشمیر‘‘ منظور ہوئی ، 19جولائی1947کو ’’قرارداد الحاق پاکستان ‘‘ کی شکل میں کشمیریوں نے اپنی جدو جہد کو آگے بڑھایا اور ایک سال قبل8جولائی 2016کو برہان مظفر وانی شہید نے اپنے مقدس خون سے جدو جہد آزادی کو ایک نئی قوت دی ۔

فدا کیانی نے کہا کہ ہماری یہ قومی ذمہ داری ہے کہ جوان سال نسل کو اپنے اسلاف کی قومی جدو جہد سے عملی طور پر وابستہ کریں ۔ ڈپٹی کمشنر میرپور اور چیئرمین تقریبات کمیٹی انصر یعقوب نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر درحقیقت تحریک تکمیل پاکستان ہے جس کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام پاکستان کے ساتھ لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، آج بھی مقبوضہ جموں کشمیر میں شہید ہونے والوں کو پاکستان کے قومی پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے ، کشمیریوں کا مقدس خون دریائوں سے ہوتا ہوا پاکستان کی سرزمین کو سیراب کرتا ہے کشمیریوں کو پاکستان سے دنیا کی کوئی طاقت جدا نہیں کر سکتی ۔

تقریب میں قراردادوں کے ذریعے مسلح افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا جو دفاع وطن کیلئے قربانیاں دے رہی ہیں ، مسلح افواج کے جوان کنٹرول لائن پر اپنی کشمیریوں کے محافظ کا کردار ادا کرنے کیلئے اپنی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایک اور قرارداد میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں غاصب ہندوستانی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کو بند کرائیں اور عالمی قرارداوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلائیں۔

ایک اور قراداد میں مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور آزاد کشمیر کے تمام راستے کھولے جائیں ، تقریب میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی حریت قیادت اور آزادی کیلئے برسرپیکار کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :