علاج معالجہ کی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچا دی ،بیماریوں کی روک تھام کرکے عوام کو صحت مند معاشرہ دینا ہے‘خواجہ عمران نذیر

جمعرات 20 جولائی 2017 17:01

علاج معالجہ کی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچا دی ،بیماریوں کی روک تھام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) صوبائی وزیر پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف نے علاج معالجہ کی سہولیات عوام کو دہلیز پر پہنچانے کا جووعدہ کیا تھا ، حکومت نے یہ وعدہ پورا کرتے ہوئے تشخیص و علاج کی سہولیات صوبے کے دور دراز علاقوں تک پہنچانا شروع کردی ہیں،بیماریوں کی تشخیص و علاج کے لئے مربوط سکریننگ کیمپس لگائے جارہے ہیں جہاں پورا ہسپتال خود چل کر لوگوں تک پہنچ رہا ہی-انہو ں نے یہ بات یوحنا آباد کمیونٹی سینٹر میں محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ اور پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کے اشتراک سے بیماریوں کی تشخیص ، مریضوں کی رجسٹریشن اور علاج کے لئے مربوط سکریننگ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر کہی- قومی اسمبلی کے رکن رانا مبشر، اقلیتی رکن پنجاب اسمبلی مسٹر شکیل ، پی ایچ ایف ایم سی کے چیف ایگزیکٹو محمد علی عامر، چیف آپریٹنگ آفیسر ذوالقرنین ، پروگرام منیجرنان کمیونیکل ڈیزیز ڈاکٹر فاروق منظور ، ٹی بی کنٹرول پروگرام کی منیجر ڈاکٹرزرفشاں طاہر، ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کی منیجر ڈاکٹرزاہدہ سرور، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے دیگر افسران بھی موجودتھے -مربوط سکریننگ اینڈ کونسلنگ کیمپ میں بلند فشار خون ، ذیابیطس، تپ دق، ہیپاٹائٹس ، نظام تنفس، حاملہ خواتین کا معائنہ اورضروری ادویات کی فراہمی کے لئے الگ الگ بوتھ بنائے گئے تھی- خواجہ عمران نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مربوط سکریننگ کیمپ میں ہیپاٹائٹس بی کی ویکسی نیشن بھی کی جارہی ہے اور اگر کسی شخص میں کوئی موذی مرض کی تشخیص ہوئی تو اس کا مکمل علاج کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بیماریوں کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام میں صحت مند رہنے کے لئے شعور اجاگر کرنے کی مہم بھی جاری ہے تاکہ ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاسکے۔ قبل ازیں پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو محمد علی عامر نے بتایا کہ سکریننگ کیمپ مغرب تک جاری رہے گا اور جو لوگ ٹوکن حاصل کرلیں گے ان کی سکریننگ اور معائنہ مکمل کیا جائے گا- محمد علی عامر کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک ہزار افراد کی سکریننگ کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے گا اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو یوحنا آباد میں دوبارہ کیمپ لگایا جائے گا- رکن قومی اسمبلی رانا مبشر کا کہنا تھا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات جاری ہیں اور صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہی-

متعلقہ عنوان :