معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے،محمد زبیر

جمعرات 20 جولائی 2017 17:01

معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے،محمد زبیر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی میں امن وامان کے قیام کے بعد معاشی خوشحالی کانیا دور شروع ہو گیا ہے ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام سے اقتصادی پہیہ مزید تیز ہو سکتا ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت کا کراچی ترقیاتی پیکج اہم ثابت ہوگا ، حالیہ بارشوں کے باعث عوام کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ترجیحی بنیادوں پر بارشوں کے پانی کی نکاسی کے بروقت اقدامات کو یقینی بنائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں جاری صورتحال ، کراچی ترقیاتی پیکج ، انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی ، حالیہ بارشوں سے عوامی مشکلات اور اٹھائے گئے اقدامات ، معاشی و اقتصادی ترقی کے جامع اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے ، اس کی خوشحالی و ترقی سے پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہو رہا ہے ، وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ ہو ر ہا ہے ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے بے روزگاری اور غربت کے خاتمہ میں مدد مل رہی ہے ، کراچی ترقیاتی پیکج سے شہر کے حالات نہ صرف تبدیل ہو نگے بلکہ جدید دور کی سہولیات بھی عوام کو حاصل ہو نگی اس ضمن میں گرین لائن منصوبہ اس کی مثال ہے ، منصوبہ کے مکمل ہونے سے عوام کو سستی ، سہل، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت حاصل ہو سکے گی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے پینے کے صاف پانی کے میگا پروجیکٹ K-IV پر کام جاری ہے جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے شمالی ٹریک پر بھی کام تقریباً مکمل ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میٹروپولیٹن کا رپوریشن کے ساتھ مل کر شہر میں ترقیاتی منصوبے شروع کرے گی ، کراچی کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے اس سے قبل شہر میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اہم ثابت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کی تکمیل کے بعد قدرتی بندرگاہ کے حامل شہر کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی ، معاشی ترقی میں بھی مزید تیزی آجائے گی ، سنہری مستقبل کو دیکھتے ہوئے سرمایہ کاری زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں ، پہلے سے قائم ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی مزید سرمایہ کاری کررہی ہیں ، یہ خوشحالی کا دور ہے لیکن عوام تک اس کے ثمرات پہنچانے کے لئے کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اہم ثابت ہو سکتی ہے ۔ ملاقات میں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے گورنر سندھ کو بتایا کہ وفاقی حکومت کی کراچی میں دلچسپی خوش آئند ہے جس سے شہر کے مسائل حل ہو نگے ، حالیہ بارشوں سے عوامی مشکلات سے آگاہ ہیں اس کے تدارک کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :