پنجاب حکومت نے بزرگ افراد کو حقوق کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لئے سینئر سٹیزن ویلفیئر بل 2017ء کا مسودہ تیار کرلیا

بوڑھے افراد کا سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ بالکل مفت ،نجی ہسپتالوں، کلینکس اور میڈیکل سنٹرز میں 25 فیصد رعایت ملے گی خاندان کی جانب سے دیکھ بھال نہ کرنے پر بزرگ افراد کے پاس قانونی چارہ جوئی کا اختیار ہوگا، سہولیات نہ دینے والوں کو 3 سال تک قید اور 30 ہزار روپے جرمانہ ہوگا

جمعرات 20 جولائی 2017 16:55

پنجاب حکومت نے بزرگ افراد کو حقوق کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) پنجاب حکومت نے بزرگ افراد کو حقوق کی فراہمی اور فلاح و بہبود کے لئے سینئر سٹیزن ویلفیئر بل 2017ء کا مسودہ تیار کرلیا، بوڑھے افراد کا سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ بالکل مفت ،نجی ہسپتالوں، کلینکس اور میڈیکل سنٹرز میں 25 فیصد رعایت ملے گی،خاندان کی جانب سے دیکھ بھال نہ کرنے پر بزرگ افراد کے پاس قانونی چارہ جوئی کا اختیار ہوگا، سہولیات نہ دینے والوں کو 3 سال تک قید اور 30 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور سمیت صوبہ بھر کے بزرگ افراد کے لئے قانونی مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، سینئر سٹیزن ویلفیئر بل 2017ء کے مسودہ کے مطابق 60 سال یا زائد عمر کے افراد کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ میں کم از کم دو سیٹیں مختص ہوں گی،ریلوے، ہوائی جہاز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے سفر، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، سینمائوں، تفریحی پارکس اور تھیٹرز میں 50 فیصد رعایت حاصل ہوگی، بوڑھے افراد کا سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ بالکل مفت ہوگا اور سرکاری ہسپتالوں میں علیحدہ قطاریں ہونگی۔

(جاری ہے)

مسودہ کے مطابق نجی ہسپتالوں، کلینکس اور میڈیکل سنٹرز میں 25 فیصد رعایت ملے گی، عوامی سطح پر بزرگ افراد کو مذکورہ سہولیات نہ دینے پر کم از کم 1 سال، زیادہ سے زیادہ 3سال قید اور تیس ہزار تک جرمانہ ہوگا، خاندان کا ہرفرد بزرگ افراد کی دیکھ بھال کا پابند ہوگا، کسی کو بھی بزرگوں کو گھر یا خاندان سے نکالنے کا اختیار نہیں ہوگا۔ خاندان کی جانب سے دیکھ بھال نہ کرنے پر بزرگ افراد کے پاس قانونی چارہ جوئی کا اختیار ہوگا، بچوں یا لواحقین کو جائیداد منتقل کرنے کی صورت میں بزرگ افراد کی دیکھ بھال کی بھی ذمہ داری ہوگی، دیکھ بھال نہ کرنے پر جائیداد کی منتقلی قانونی تصور نہیں ہوگی۔

سینئر سٹیزن ویلفیئر بل کے مطابق صوبائی سطح پر اتھارٹی اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، اتھارٹی اور ضلعی کمیٹیوں کے ذریعے بزرگ افراد کو سینئر سٹیزن کارڈز فراہم کیے جائیں گے، سینئر سٹیزن ویلفیئر اتھارٹی کے چیئر پرسن صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، وائس چیئر پرسن سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور ڈائریکٹر جنرل سیکرٹری ہوں گے جبکہ ممبران میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری صحت، سیکرٹری زکو، سیکرٹری بلدیات، کمشنر سوشل سکیورٹی ، صدر چیمبرآف کامرس، دو سینئر اساتذہ اور دو این جی اوز کے نمائندے شامل ہوں گے۔

قانونی مسودے کے مطابق اخراجات اور فلاح و بہبود کے لئے سینئر سٹیزن ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا،فنڈ میں حکومت، لوکل اور بین الاقوامی ڈونرز، سول سوسائٹی اپنا حصہ ڈالے گی۔

متعلقہ عنوان :