بھارت، مسافربس کھائی میں گرنے سے 28افراد ہلاک ،7زخمی ،وزیراعظم مودی کا اظہا رافسوس

بس ڈرائیور ایک دوسری بس کو اوور ٹیک کرتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھا ،پولیس حکام

جمعرات 20 جولائی 2017 16:53

بھارت، مسافربس کھائی میں گرنے سے 28افراد ہلاک ،7زخمی ،وزیراعظم مودی ..
شملہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) بھارت میں مسافر بس کھائی میں گرنے سے 28افراد ہلاک اور 7زخمی ہوگئے،وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیو ںکی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کااظہا رکیا ہے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ ریاست ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں مشہور سیاحتی مقام سے 140کلومیٹر دور رام پور کے قریب پیش آیا ۔

ریاستی پولیس سربراہ سومیا سمباسیوان نے بتایا کہ بس میں چالیس کے لگ بھگ افراد سوار تھے اور یہ ضلع کنار سے سولن جاتے ہوئے 200 میٹر نیچے دریا کے کنارے پر جا گری۔ ان کے بقول 7 مسافر زخمی ہیں جبکہ تمام لاشوں کی شناخت بھی مکمل کر لی گئی ہے۔زخمیو ںکو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 35سے زائد مسافر سوار تھے ۔

بس کا ڈرائیور اور کنڈیکٹر زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں۔پولیس کے مطابق بس ڈرائیور ایک دوسری بس کو اوور ٹیک کرتے ہوئے اپنی بس پر کنٹرول کھو بیٹھا ۔وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیو ںکی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کااظہا رکیا ہے ۔بھارت میں ہر سال ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ٹریفک حادثات میں مارے جاتے ہیں۔