صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعرات 20 جولائی 2017 16:35

صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ..
کوئٹہ۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔صوبے کے دور دراز علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے تمام متعلقہ حکام ، مقامی انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندے ایمانداری اور خلوص نیت سے اپنا کردار ادا کریں۔

حکومت بلدیاتی اداروں کو مزید اختیارات دینے کے ساتھ ساتھ ان کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پی بی 33ضلع خضدار کی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یوسی چیئرمینوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپنی متعلقہ یونین کونسلزکو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ اربوں روپے فنڈز کے اجراء کے باوجودمتعلقہ یونین کانسلز میں ترقیاتی عمل سست روی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ بلدیاتی نمائندوں کے پاس محدود اختیارات اور فندز کی کمی کے سبب علاقوں میں واٹر سپلائی، سکول اور دیگر بنیادی ضروریات کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مختلف محکموں میں خالی آسامیوں میں ان کی یونین کونسلز کو نظر انداز کیا گیا ہے، جبکہ ضلع کی بیشتر یونین کونسلز میں قومی شناختی کارڈ کے حصول میں حائل رکاوٹوں کی وجہ سے بے شمار لوگ قومی شناختی کارڈ سے محروم ہیں۔

یوسی چیئرمینوں کے مسائل اور تجاویز سننے کے بعد ان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں کی ترقی، میرٹ کی عملداری اور لوگوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی جس میں پانی، بجلی اور سڑکوں کی تعمیر شامل ہے کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لا رہی ہے، حکومت بلدیاتی اداروں کو مزید بااختیار اور فعال بنانے پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے جن میں بلدیاتی اداروں کو درپیش مالی مشکلات اور اختیارات میں اضافہ شامل ہے جلد سے جلد حل کیے جائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ بلدیاتی اداروں کے نمائندوں کی باہمی مشاورت سے پسماندہ علاقوں میں میرٹ کی بنیاد پر ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی اسکیمات کو مقررہ وقت اور معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اور لوگوں کو شناختی کے حصول میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور تحصیل سطح پر نادراکے دفاترقائم کرنے کے لئے نادراحکام سے رابطہ کیا جائے۔