پاکستان میں ڈنمارک کی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہو گی، سید ذوالفقار گردیزی

دونوں ممالک کی باہمی تجارت 20کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے ،تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے جو حوصلہ افزاء ہے،سفیر ڈنمارک

جمعرات 20 جولائی 2017 16:23

پاکستان میں ڈنمارک کی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہو گی، سید ذوالفقار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) ڈنمارک کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر سید ذوالفقار گردیزی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کا دورہ کیا اور ڈنمارک کے ساتھ پاکستان کے اقتصادی مفادات کو فروغ دینے کیلئے تاجر برادری کو اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈنمارک کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ڈنمارک میں پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کی باہمی تجارت 20کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ تجارت کا توازن پاکستان کے حق میں ہے جو حوصلہ افزاء ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ برآمدات کو مزید فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کو مزید بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کو بہتر کرنے کیلئے تاجر برادری کی مشاورت بنیادی اہمیت کی حامل ہے اور وہ اسی لئے چیمبر میں آئے ہیں تا کہ ان کی آراء کی روشنی میں پاکستان و ڈنمارک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید کرنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوششوں میں پاکستان کو ویزہ دشواریوں اور ٹریول ایڈوائزی جیسے نان اکنامک عناصر کا سامنا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ان مسائل کی طرف زیادہ توجہ دیں گے اور ڈنمارک میں پاکستان کا سافٹ امیج فروغ دینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اپنا ایک وفد ڈنمارک لے جانے پر غور کرے اور یقین دہانی کرائی کہ وہ اس کے دورے کو کامیاب بنانے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ ڈنمارک میں پاکستان کا سفارتخانہ وہاں کی مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ وہاں کی مارکیٹ کا جائزہ لے اور ہمیں بتائے کہ پاکستان کی کون سی مصنوعات ڈنمارک کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہیں تاکہ نجی شعبہ ممکنہ کاروباری مواقعوں سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک کے پاس ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی اعلیٰ ٹیکنالوجی و مہارت موجود ہے اور وہ پاکستان کے ساتھ اس شعبے میں تعاون فروغ دے کر ہمارے توانائی بحران کو حل کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے سفارتخانے غیر ملکی منڈیوں میں پاکستان کی مصنوعات کی مانگ کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مزید موثر کردار ادا کریں جس سے ملکی برآمدات کو بہتر ترقی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کمرشل کونسلروں کو برآمدات کے فروغ کیلئے سالانہ اہداف دیئے جائیں اور اس کی بنیاد پر ان کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لیا جائے جس سے زر مبادلہ کے ذخائر کوبہتر ترقی ملے گی۔

انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اپنا ایک وفد ڈنمارک لے جانے پر غور کرے گا۔ ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، ڈاکٹر نوشابا منان، محترمہ ناصرہ علی، نعیم صدیقی، راجہ عبد المجید اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و ڈنمارک کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں ۔

متعلقہ عنوان :