وزیراعظم کوعدالت کے ذریعے ہٹا نے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی

ایک دوسرے پر چوری اورکرپشن کے الزامات لگانے والے اکٹھے نظرآتے ہیں،آج کل عدالت میں پتہ ہی نہیں چلتا کہ پی ٹی آئی کونسی سی ہے اور پیپلزپارٹی کونسی ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کی سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 16:17

وزیراعظم کوعدالت کے ذریعے ہٹا نے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) مسلم لیگ(ن) نے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عدالت کے ذریعے ہٹا نے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی، ایک دوسرے پر چوری اورکرپشن کے الزامات لگانے والے اکٹھے نظرآتے ہیں،آج کل عدالت میں پتہ ہی نہیں چلتا کہ پی ٹی آئی کونسی سی ہے اور پیپلزپارٹی کونسی ہے ۔سپریم کورٹ سے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) نے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ آج بہت سے ایسے لوگ سپریم کورٹ میں آتے ہیںجنہیں کئی بار قوم سے مسترد کردیا ہے اور جومحمد نواز شریف کوہرانے میں بار بار ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی یہ لوگ اس امید پر سپریم کورٹ میں آتے ہیں کہ آج کی تاریخ سے ان کی کوئی جیت نکلے اور یہ کسی اورطرح وزیر یا وزیراعظم نہیں بن سکے تو اس طرح وزیراعظم بن جائیں ، ان کی خواہش ہے کہ عوامی عدالت سے سرخرو اور کامیاب ہونے والے وزیراعظم محمد نواز شریف کو کوئی اورعدالت ہٹا دے مگر ان کی یہ خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا تو مقدمہ صرف اتنا سا ہے کہ کیا کوئی کرپشن ہوئی یا کہیں اختیارات کا ناجائز استعمال ہوا ہے ۔

اگر کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں ہوا تو ہمیں جزا اورسزا کی کوئی فکر نہیں ، ہم مقدمہ جیت گئے، ہمارا مقدمہ عوام کی عدالت میں بھی بار بار یہی ہے اورعدالت عالیہ میں بھی یہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک حسن اورحسین سمیت شریف فیملی کی طرف سے کاروبار کے حوالے سے جتنے بھی کاغذات پیش کئے گئے ان میں سے کوئی ایک بھی ایسا کاغذ نہیں آیا جس میں کمیشن لکھا ہو یا ٹھیکوں میں بددیانتی لکھی ہو کسی جگہ پر ٹیکس چوری لکھی ہو، کسی جگہ پر منی لانڈرنگ لکھی ہو۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین بار بار کہتے تھے کہ محمد نواز شریف دوڑ جائیں گے لیکن آج محمد نواز شریف پیچھے پیچھے ہیں اور یہ آگے آگے دوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے مخالفین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ محمد نواز شریف نے کرپشن کی ، عہدے کا غلط استعمال کیا یا اقتدارمیں آکرکہیں ایک روپے کی بھی بددیانتی کی ہے تو ثابت کرکے دکھائو۔طلال چوہدری نے کہا کہ مخالفین کہتے تھے کہ یہ سپریم کورٹ نہیں آئیں گے جبکہ محمد نواز شریف خود ، بیرون ملک مقیم اپنے بچوں اور اپنے والد مرحوم کا ریکارڈ بھی لے کر پیش ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن تک پاکستانی قوم یہ دیکھنے سے محروم ہے کہ کہیں بددیانتی ہوئی یانہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کی شہ سرخیوں نے لوگوں کو مطمئن کردیا ہے جن میں لکھا ہے کہ ابھی تک محمد نوازشریف کے خلاف کرپشن ، بددیانتی کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ملاہمارے لئے یہ سرٹیفیکیٹ بہت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکتا جب تک یہ ثابت نہ ہوجائے کہ کسی جگہ پر عہدے کا غلط استعمال کیا گیا، بددیانتی ، چوری یا منی لانڈرنگ ہوئی ہے اور انشاء اللہ تعالیٰ یہ جو آج تک ثابت نہیں ہوسکا آج بھی ثابت نہیں ہوگا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ مخالفین ہم پر روز الزامات لگاتے ہیں اورجھوٹ بولتے ہوئے ان کو شرم بھی نہیں آتی، یہ جو عوام کی عدالت میں میاں نواز شریف کو نہیں ہراسکے اور آج تک ایک دوسرے پر چوری اورکرپشن کے الزامات لگاتے تھے جیسا کہ عمران خان نے زرداری صاحب کے بارے میں جو الفاظ استعمال کئے وہ سب کے سامنے ہیں لیکن آج یہ سب اکٹھے نظرآتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کل عدالت میں پتہ ہی نہیں چلتا کہ پی ٹی آئی کونسی سی ہے اور پیپلزپارٹی کونسی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ سمجھ گئے ہیں کہ یہ محمد نواز شریف کا اکیلے مقابلہ نہیں کرسکتے لیکن یہ اکھٹے ہوکربھی ہمارا مقابلہ نہیں کر پائیں گے۔ انشاء اللہ اگلے چند دنوں میں بھی یہ کیس ختم ہونے والا ہے ،قوم اب تک جان چکی ہے کہ کوئی بھی ایسا ثبوت نہیں جس پر نواز شریف کے خلاف ایک کوڑی کی بھی کرپشن ثابت کی جاسکی اگر کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو یہ اس کیس کا فیصلہ بھی نواز شریف کے حق میں آئے گا۔