Live Updates

پاپا بھی پاپی ہیں اور بچے بھی پاپی ہیں،

انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور اب آپ کہتے ہیں کہ مقدمہ عدالت میں بھیج دیں، کیس ٹرائل کورٹ میں گیا تو وزیراعظم سمیت پورا خاندان گرفتار ہو گا، حکومت کے مشیروں کا 100فیصد دماغ سٹھیا گیا ہے، دکھ ہے وزیراعظم کے صرف 48گھنٹے رہ گئے اور ابھی تک دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو وزیر نہیں بنایا گیا، عمران خان کو نا اہل سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کی سپریم کورٹ کے باہر پانامہ کیس کی سماعت کے دوران میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 15:24

پاپا بھی پاپی ہیں اور بچے بھی پاپی ہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاپا بھی پاپی ہیں اور بچے بھی پاپی ہیں، انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور اب آپ کہتے ہیں کہ مقدمہ عدالت میں بھیج دیں، کیس ٹرائل کورٹ میں گیا تو وزیراعظم سمیت پورا خاندان گرفتار ہو گا، حکومت کے مشیروں کا 100فیصد دماغ سٹھیا گیا ہے، دکھ ہے وزیراعظم کے صرف 48گھنٹے رہ گئے اور ابھی تک دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو وزیر نہیں بنایا گیا، عمران خان کو نا اہل سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

وہ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر پانامہ کیس کی سماعت کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاپا کے وکیل کہتے ہیں کہ ان کے بچے پاپی ہیں اور بچوں کے وکیل کہتے ہیں کہ پاپا پاپی ہیں مگرمجھے لگتا ہے کہ پاپا بھی پاپی ہیں اور بچے بھی پاپی ہیں بلکہ سارا خاندان ہی پاپی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے مشیروں کا 100فیصد دماغ اپنی جگہ پر نہیں رہا،انکوائری مکمل ہو گئی ہے اور اب آپ کہتے ہیں کہ مقدمہ عدالت میں بھیج دیں،کیس ٹرائل کورٹ میں جاتا ہے تو وزیراعظم نواز شریف سمیت پورا خاندان گرفتار ہو گا،مقدمہ عدالت گیا تو آپ ضمانت لیں گے یا پھر جیل جائیں گے، وہ نا اہل بھی اور جیل بھی جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آج کیپٹن صفدر کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا،ماہانہ پر دامادبنتے ہیں تو ایسے مسائل ہوتے ہیں، شریف خاندان کے وکلاء سٹھیا گئے ہیں، دکھ ہے صرف 48گھنٹے رہ گئے ہیں، اور ابھی تک دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو وزیر نہیں بنایا گیا، رحم کریں ان دونوں کو وزیر بنائیں، امید ہے کہ(آج) مقدمے کی سماعت مکمل ہو جائے گی، لیگی ارکان سپریم کورٹ کے باہر پی ٹی آئی کو ٹارگٹ کرتے ہیں یہ لوگ ایک روپے کا حساب بھی عدالت میں پیش نہیں کر سکے، ان کی تمام دستاویزات جعلی ہیں، یہ کیس اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والا ہے،(آج)جمعہ کو ہمارے وکلاء بھی 15,15منٹ دلائل دیں گے، اس کے بعد حتمی فیصلہ ہو گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کے بچوں نے گزشتہ روز کچھ کاغذات عدالت میں پیش کرنے کا کہا جسے کچھ میڈیا ہائوسز نے بڑھا چڑھا کر پیش کیا، امید ہے کہ پیمرا غلط دستاویزات پیش کرنے والے چینلز کا نوٹس لے گا جبکہ عدالت نے کہا کہ یہ دستاویزات پرانی ہیں اور معزز جج نے کہا کہ جعلی دستاویزات پیش کرنے پردفعہ 476کا کیس بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک میں ایسا خاندان مسلط ہے جو کرپشن، فراڈ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نا اہل سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات