پنجاب حکومت کا اساتذہ اور طلبا کے ذریعے پراپیگنڈہ منصوبہ تیار

صوبائی اور وفاقی حکومت بچنے پر تنخواہیں دو گُنا کر دی جائیں گی۔ صوبائی وزیر کا وعدہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 20 جولائی 2017 15:20

پنجاب حکومت کا اساتذہ اور طلبا کے ذریعے پراپیگنڈہ منصوبہ تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2017ء) : پنجاب حکومت نے نواز شریف کو بچانے کے لیے اساتذہ اور طلبا کے ذریعے ایک پراپیگنڈہ منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کو بچانے کے لیےاب پنجاب بھر سے اساتذہ اور طلبا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورنمنٹ کالج لاہور میں ایک دو روزہ تقریب منعقد کی گئی جس میں 1454 پرنسپلز کو مدعو کیا گیا۔

پنجاب حکومت کے اس نئے منصوبے کے تحت لاہور میں جتنے بھی تعلیمی ادارے ہیں ان کے اساتذہ اور طلبا سے اس معاملے میں مدد لی جائے گی۔ گورنمنٹ یونیورسٹی لاہور میں منعقد کیے گئے دو روزہ سیشن میں گذشتہ روز پنجاب بھر سے 726مرد پرنسپلز جبکہ آج 718 خواتین پرنسپلز کو مدعو کیا گیا ۔ صوبائی وزیر رضا گیلانی نے دو روزہ سیشن میں شریک ہوئے پرنسپلز سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اور کہا کہ پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ طلبا کو اس بات پر لیکچر دیں کہ ملک میں نواز شریف کے خلاف سازش سی پیک کے منصوبے کو نقصان پہنچانے اور جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ اور ہم سب کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا ہے۔ اس سیشن کے دوران صوبائی وزیر نے پرنسپلز سے باقاعدہ وعدہ کیا کہ اگر صوبائی اور وفاقی حکومت بچ گئی تو ان کی تنخواہوں میں دو گنا اضافہ کر دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ دو د ن کے سیشن پر ٹی اے ڈی اے اور کھانے کی مد میں پانچ کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ صوبائی وزیر تعلیم رضا گیلانی نے خطاب کے دوران کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش کر کے آمریت کی طرح ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دو روزہ سیشن کی تقریب کے لیے گورنمنٹ کالج سے محکمہ تعلیم نے بخاری آڈیٹوریم مانگا تھا۔ دوسری جانب گورنمنٹ کالج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارا تقریب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :