نئی امریکی پابندیاں، ایران کی جوابی کارروائی کی دھمکی

ایران، عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کرے گا، اگر امریکا کسی بھی بہانے سے نئی پابندیاں عائد کرنا چاہتا ہے تو عظیم ایرانی قوم بھی اس کا بھرپور جواب دے گی، ہم امریکا کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کو نہیں بھولیں گے اور ہم ان کے خلاف کھڑے رہیں گے،ایرانی صدر حسن روحانی کا کابینہ کے اجلا س سے خطاب

جمعرات 20 جولائی 2017 14:08

نئی امریکی پابندیاں، ایران کی جوابی کارروائی کی دھمکی
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جولائی2017ء) ایرانی صدر حسن روحانی نے نئی پابندیاں عائد کرنے پر امریکا کو جوابی کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کرے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے کابینہ اجلاس کے دوران کہا کہ ایران ہمیشہ اپنے بین الاقوامی وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کرے گا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا کسی بھی بہانے سے نئی پابندیاں عائد کرنا چاہتا ہے تو عظیم ایرانی قوم بھی اس کا بھرپور جواب دے گی۔حسن روحانی نے کہا کہ ہم امریکا کی جانب سے کی گئی خلاف ورزیوں کو نہیں بھولیں گے اور ہم ان کے خلاف کھڑے رہیں گے۔واضح رہے کہ ایرانی صدر کی جانب سے یہ بیان امریکا کی طرف سے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت پر 18 ایرانی افراد اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے اس بات کا اعتراف کیا گیا تھا کہ ایران عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کی پاسداری کر رہا ہے۔ایرانی صدر نے امریکا پر دہرے پن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایران، امریکی شہریوں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرکے اس کا جواب دے گا، جنہوں نے ایرانی عوام اور خطے کے دیگر مسلمانوں کے خلاف کارروائی کی۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف امریکی انتظامیہ کانگریس کو، ایران کی جانب سے جوہری معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی تصدیقی رپورٹ بھیجتی ہے، تو دوسری طرف یہ مختلف حیلے بہانوں سے ایران پر نئی پابندیاں عائد کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :