پاکستان افغان طالبان،حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی میں ناکام رہا، امریکا

پاکستانی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار اور قتل کیا،محکمہ خارجہ

جمعرات 20 جولائی 2017 13:45

پاکستان افغان طالبان،حقانی نیٹ ورک کیخلاف کارروائی میں ناکام رہا، ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) امریکا نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پر انتہاپسندوں کے خلاف مناسب کارروائی نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ان دہشت گردوں کی پاکستان میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں جو افغان اور امریکی فورسز کے لیے خطرہ ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہاکہ پاکستان افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کی طاقت کو کم کرنے کے لیے ان کے خلاف خاطر خواہ کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔

افغان طالبان، حقانی نیٹ ورک، لشکر طیبہ اور جیش محمد ایسے گروپس ہیں جن کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان میں موجود ہیں جبکہ ان گروپوں کی توجہ سرحد پار دہشت گرد کارروائیوں پر مرکوز ہے۔محکمہ خارجہ نے الزام لگایا گیا کہ حکومت پاکستان نے جیش محمد اور لشکر طیبہ کی میڈیا کوریج پر پابندی کے علاوہ ان تنظیموں کے خلاف بھی موثر کارروائی نہیں کی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لشکر طیبہ اور جیش محمد پاکستان میں ریلیاں منعقد کرتی ہیں، رقوم جمع کرتی ہیں، لوگوں کو بھرتی کرتی ہیں اور انہیں (جہادی) تربیت بھی دیتی ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ حکومت پاکستان شدت پسند تنظیم داعش کو شکست دینے کے لیے عالمی اتحاد کا حصہ نہیں ہے لیکن پاکستان 2015 میں داعش کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکی ہے جبکہ پاکستانی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے بڑی تعداد میں داعش سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو گرفتار اور قتل کیا۔