عدالت نے کہہ دیا کہ وزیراعظم کے بچوں کے خلاف کوئی الزام نہیں،آئی سی آئی جے پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ نام آنے کا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا، آج دستا ویزات جمع کرا کے جے آئی ٹی کے پیش کردہ نا قابل سماعت ثبوتوں کو مسمار کردیا گیا، دانیال عزیز کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 13:40

عدالت نے کہہ دیا کہ وزیراعظم کے بچوں کے خلاف کوئی الزام نہیں،آئی سی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2017ء) مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے بچوں نے دستا ویزات جمع کرادی ہیں ،جے آئی ٹی رپورٹ میں مشینری کی منتقلی کے بارے میں غلط بیانی کی گئی ہے ،دستا ویزات سامنے آنے کے بعد ثابت ہو گیا کہ مشینر ی جدہ گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کو عزیزیہ مل کے پیسے ہی نہیں ملے ،اب وزیر اعظم کے بچوں کی جانب سے جمع کرائی گئی دستا ویزات میں ثابت ہو گیا کہ 63 ملین اکاونٹ میں جمع تھے۔

انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے کہہ دیا کہ وزیراعظم کے بچوں کے خلاف کوئی الزام نہیں ہے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے جو نا قابل سماعت ثبوت فراہم کیے آج دستا ویزات جمع کرا کے انہیں مسمار کردیا گیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی آئی جے پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ نام آنے کا مطلب یہ نہیں کہ انہوں نے کوئی غلط کام کیا اور اب عدالت نے بھی کہہ دیا کہ وزیراعظم کے بچوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔

دانیال عزیز نے کہا کہ یہ کیس چلا کر میڈ یا وار کی جارہی ہے تاکہ 2018ء کے انتخابات تک ن لیگ کی قیادت کی دھجیاں اڑا دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں پیپلز پارٹی کو عوام کی نظروں میں گرا دیا گیا، اسی طرح اب بھی یہ کوشش کی گئی کہ ن لیگ کے ساتھ بھی ایسے ہی کیا جائے اور انہیں عوام کی نظروں میں گرا دیا جائے لیکن ایسا نہ ہو سکا۔