جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی‘ شہباز شریف

جمعرات 20 جولائی 2017 13:15

جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی، اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں۔لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام افراتفری اور انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں جبکہ سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے والوں کو قوم پر رحم کرنا چاہیے۔

انہوںة نے کہا کہ اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں، الزامات کی بارش اور جھوٹ کا طوفان اٹھانے والوں نے جو حال اپنے صوبے کا کیا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہا کہ جھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے تاہم جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی جب کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے اور اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ بولنے کے ماہر سیاستدان کے یوٹرن اور تضاد بیانی پوری قوم کے سامنے آ چکی ہے، گزشتہ 4 برس کے دوران دھرنا پارٹی نے انتشار اور محاذ آرائی کے سوا کچھ نہیں کیا۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ بنیاد الزامات لگانا اور جھوٹ بولنا عوام کے ٹھکرائے ہوئے سیاسی عناصر کی اخلاقی پسماندگی کی عکاسی کرتے ہیں، وزیراعظم نوازشریف نے ملک کو امن اور ترقی دی جو مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی جب کہ موجودہ دور میں شفافیت کے ایسے کلچر کو فروغ دیا گیا ہے جو ماضی میں ناپید تھا۔