حکومت پاس کوئی ثبوت یا گواہ نہیں،پانامہ کیس کو طویل کرنے کیلئے حیلے بہانے بنا رہی ہے،پیپلزپارٹی

شریف خاندان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ کہنے یا دکھانے کو ہوتا تو اب تک وہ عدالت میں وہ دستاویزات پیش کر چکے ہوتے ،قمرزمان کائرہ اور شیری رحمن کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 20 جولائی 2017 13:12

حکومت پاس کوئی ثبوت یا گواہ نہیں،پانامہ کیس کو طویل کرنے کیلئے حیلے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2017ء) پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ حکمران مختلف حیلوں بہانوں سے پانامہ کیس کو طوالت دینا چاہتے ہیں ،حکومتی وکلاء کے پاس عدالت میں پیش کرنے کوکوئی ثبوت یا گواہ نہیں ، پاناما کیس اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے لیکن تاحال حکومت سپریم کورٹ کو کوئی موثر جواب نہیں دے سکی ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیس میں پہلے دن سے ہی جواب نہیں دیئے جا رہے ،حکومت حیلے بہانے اور ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے کیس کو طول دینا چاہتی ہے ۔

قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے وکلا کے پاس کوئی ثبوت یا دستاویزات موجود ہی نہیں ، اگر ان کے پاس اپنے دفاع میں کچھ کہنے یا دکھانے کو ہوتا تو اب تک وہ عدالت میں وہ دستاویزات پیش کر چکے ہوتے ۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے کہا کہ پاناما کیس اختتامی مراحل میں داخل ہوچکا ہے لیکن تاحال حکومت اس کیس میں کوئی موثر جواب نہیں دے سکی ۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے گزشتہ روز سیالکوٹ کا دورہ کیا لیکن اس میں وہ قومی ایشوز پر بات کرنے کی بجائے ذاتیات پر بات کرنے کی کوشش کر تے رہے ۔شیری رحمن نے کہا کہ وزیر اعظم نے سیالکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کی بات کی لیکن ایل او سی پر ہونے والی بھارتی فائرنگ کے حوالے سے انہوں ںے کوئی بات نہیں کی ۔