افغانستان میں جرمن سفارتخانہ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان

ویزے کے حصول کے خواہش مند افغان شہری نئی دہلی، استنبول یا پھر دبئی میںہم سے رجوع کریں،بیان

جمعرات 20 جولائی 2017 12:19

افغانستان میں جرمن سفارتخانہ غیرمعینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان
برلن/کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں چند ہفتے پہلے خونریز ٹرک بم حملے کے بعد سے بند جرمن سفارتخانے نے اب اعلان کر دیا ہے کے ویزے کے حصول کے خواہش مند افغان شہری نئی دہلی، استنبول یا پھر دبئی میں ان سے رجوع کریں۔غیرملکی خبررساں ادارے کیک مطابق جرمن وزارت خارجہ کے اس فیصلے نے افغان دارالحکومت میں جرمن سفارتخانے کے جلد دوبارہ فعال ہونے سے متعلق تشویش اور خدشات کو جنم دیا ہے۔

سفارت خانے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعلان کے مطابق جرمن سفارت خانے کا ویزہ سیکشن غیر معینہ مدت تک کے لیے بند رہے گا۔ اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ جرمن دفتر خارج? اس کوشش میں مصروف ہے کی جلد ہی اسلام آباد اور دوشنبے (تاجکستان) کے جرمن سفارتخانوں میں بھی افغان شہریوں کے لیے شینگن ویزے کے اجرا کا انتظام ممکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

رواں برس اکتیس مئی کو پانی کے ایک ٹینکر میں بارود بھرر کر سفارتی علاقے میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے اور جرمن سفارتخانے کے قریب دھماکا کر دیا گیا تھا۔

اس حملے میں 150 سے زائد افراد کی جانیں ضائع ہوئیں اور جرمن سفارتخانے کے ساتھ ساتھ متعدد عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔اس حملے کے بعد سے جرمن سفارت خانہ بند ہے اور یوں افغان شہریوں کی ایک بڑی تعداد الجھن کی شکار ہے۔سفارت کے اعلامیے کے مطابق جن افراد نے ٹرک حملے سے قبل ویزے کے لیے درخواستیں دیں تھیں، وہ صبر سے کام لیں کیونکہ ان کی درخواستیں برلن میں دفتر خارجہ میں زیر غور ہیں۔

افغانستان میں مقیم جرمن شہریوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ایمرجنسی حالات میں کسی بھی یورپی سفارت خانے سے رابطہ کر سکتے ہیں اور اسلام آباد کا جرمن سفارت خانہ ان کے لیے ’’پاسپورٹ آفس‘‘ کے طور پر تیار کر دیا گیا ہے۔افغانستان کی پارلیمان نے سفارت خانے کی غیر معینہ مدت کے لیے بندش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔